لاہور : عمر اکمل کی قسمت جاگ سکتی ہے اور اس حوالے سے اچھی اچھی خبریں گردش کرنے لگی ہیں . اطلاعات کے مطابق سری لنکا کیخلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان پیر کو ہوگا۔
سری لنکا کیخلاف کراچی اور لاہور میں ہونے والی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے پاکستان ٹیم کے 19 ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان پیر کو کیا جائے گا۔سیریز کیلئے کیمپ 18 ستمبر سے لاہور میں لگایا جائے گاجس کے بعد 23 ستمبر کو حتمی 16 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا جائے گا۔
دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم میں عمر اکمل کی شمولیت پر غور کیا جارہا ہے۔ عمر اکمل نے اس سال ورلڈ کپ سے قبل آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں شرکت کی تھی جبکہ آخری ٹی ٹوئنٹی انہوں نے 2016 میں کھیلا تھا۔








