وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم شہدا کے ورثا کو سلام پیش کرتی ہے، شہدا کے ورثا نے حوصلے اور ہمت سے اپنے پیاروں کی داستانیں بیان کیں، قوم آج کے دن اپنے شہدا اور غازیوں کو سنہری الفاظ میں یاد کر رہی ہے۔ وزارت اطلاعات کے زیر اہتمام شہدا اور ان کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کی تقریب منعقد کی گئی، وزیراعظم شہباز شریف نے بھی تقریب میں شرکت کی، شہباز شریف نے اپنی نشست سے اُٹھ کر شہدا کے ورثا کا استقبال کیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ 9 مئی کو ریاست اور اداروں کیخلاف بغاوت کی گئی، سانحہ 9 مئی میں بیگناہوں کو کوئی ہاتھ نہیں لگائے گا، جنہوں نے ریاست کے خلاف بغاوت کا ماحول پیدا کیا ان کو قانون کے مطابق سزا ملے گی۔تقریب میں وزیر اعظم شہباز شریف، آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی سمیت شہدا کے اہل خانہ نے اظہار خیال کیا، تقریب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف بھی آبدیدہ ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ 2019ء میں دشمن نے چھپ کر وار کرنے کی کوشش کی، پاکستان کے جانبازوں نے دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر جواب دیا، شہدا کی یادگاروں کی بےحرمتی قوم برداشت نہیں کر سکتی، جنہوں نے ریاست کے خلاف بغاوت کا ماحول پیدا کیا ان کو قانون کے مطابق سزا ملے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے عظیم شہدا کے ورثا کو سلام پیش کرتا ہوں، شہدا نے دلیری اور جرات سے وطن عزیز کی حفاظت کے لیے جان قربان کی، شہدا کے ورثا کے درمیان ہونا میرے لیے باعث فخر ہے، شہدا نے جان دے کر لاکھوں بچوں کو یتیم ہونے سے بچا لیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ شہدا کے ورثا اطمینان رکھیں قانون کے مطابق فیصلے ہوں گے، سانحہ 9 مئی میں ملوث عناصر کو قرار واقعی سزا دی جائے گی، قانون اپنا راستہ اپنائے گا اور انصاف کے مطابق فیصلے ہوں گے، 9 مئی جیسا سیاہ دن دوبارہ پاکستان کی تاریخ میں نہیں آئے گا۔شہباز شریف نے کہا کہ حملہ آوروں اور ان کے سرپرستوں نے شہدا کے اہل خانہ سے آج تک معافی نہیں مانگی، یہ بذات خود گواہی ہے، یہ سیاسی عمل نہیں بلکہ بغاوت کا ایک منظم منصوبہ تھا، بطور خادم پاکستان وعدہ کرتا ہوں شہدا کے بچوں کا خیال رکھیں گے، 9 مئی کو قیامت تک دوبارہ نہیں آنے دیں گے۔

Shares: