یمن میں فوجی گاڑیوں کے تصادم میں متحدہ عرب امارات کم ازکم چھ فوجی جاں بحق ہو گئے۔

آرمڈ فورسز کی جنرل کمانڈ کے مطابق محاذ جنگ پر پیشہ وارانہ ذمہ داریاں سر انجام دیتے ہوئے فوجی گاڑیوں کے تصادم میں چھ افسر اور سپاہی جام شہادت نوش کر گئے۔

شہید ہونے والے فوجیوں میں کیپٹن سعید احمد راشد المنصوری، فرسٹ سارجنٹ علی عبد اللہ احمد الظنحانی، سارجنٹ زید مسلم سہیل العامری، صالح حسن صالح بن عمرو، ناصر محمد حماد الکعبی اور سارجنٹ سیف ضاوی راشد الطنیجی شامل ہیں۔

متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے جنرل کمانڈ نے اس المناک حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداءکے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق یمن میں عرب اتحاد کی فوجی کارروائی کے بعد سے اب تک متحدہ عرب امارات کے 100 سے زائد شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ 2014 ءمیں ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے یمن کے صدر منصور ہادی کی حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا۔ بعد ازاں مارچ 2015 میں عرب اتحاد نے حوثیوں کے خلاف فوجی کارروائی کا آغاز کیا تھا ۔

Shares: