گوجرانوالہ ریجن میں محرم الحرام کے سیکورٹی انتظامات مکمل کرلئے گئے

گوجرانوالہ، باغی ٹی وی (نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی )گوجرانوالہ ریجن میں محرم الحرام کے سیکورٹی انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور امن وامان کے قیام کو ہرصورت یقینی بنانے کیلئے یکم محرم الحرام سے عاشورہ محرم تک گوجرانوالہ ریجن میں 6ہزار 858مجالس کی سیکورٹی پر 5ہزار257پولیس افسران اور ملازمین ڈیوٹی سرانجام دیں گے جبکہ 5ہزار899رضاکاران بھی مجالس کی سیکورٹی ڈیوٹی پر مامور ہونگے۔

ریجن میں 1588جلوسوں کی سیکورٹی پر 10ہزار 181پولیس افسران اور ملازمین جبکہ 5ہزار 704رضاکار بھی جلوسوں کی سیکورٹی کے سلسلہ میں پولیس کی معاونت کریں گے۔

ریجنل پولیس آفیسر طیب حفیظ چیمہ کی ہدایت پر سی پی او ایاز سلیم اور اضلاع کے ڈی پی اوز سیکورٹی انتطامات کی براہ راست نگرانی کررہے ہیں اور امن وامان کے قیام میں رخنہ ڈالنے والی شرپسنداور ملک و اسلام دشمن قوتوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

گوجرانوالہ ریجن میں منعقد ہونے والی مجالس میں 210اے کیٹگری کی حساس ترین،446 بی حساس اور 6202 سی کیٹگری کی ہونگی جبکہ محرم الحرام کے جلوسوں میں 105حساس ترین اے کیٹگری،231بی کیٹگری حساس اور 1252سی کیٹگری میں ہیں جن کی سیکورٹی کے لیے خاطرخواہ انتطامات کئے گئے ہیں۔ریجنل پولیس آفیسر طیب حفیظ چیمہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ حکومت پنجاب کی ترجیح میں امن وامان سرفہرست ہے اور گوجرانوالہ ریجن میں محرم الحرام کے دوران قیام امن کو ہر صورت یقینی بنایاجائیگا۔

انہوں نے ڈویژنل وڈسٹرکٹ امن کمیٹی کے معززاراکین، علماوکرام اور مذہبی سکالرز سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ محرم الحرام میں بھائی چارے،مذہبی رواداری اور فرقہ ورانہ ہم آہنگی کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ ملک اور اسلام دشمن قوتوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں۔

Comments are closed.