غزہ، اسرائیل کی اسکول میں پناہ لینے والے فلسطینیوں پر بمباری ، 29 شہید

اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 38 ہزار تک پہنچ گئی ہے
hamas

خان یونس: غزہ میں اسکول کے قریب بےگھر افراد کے کیمپ پر اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم 29 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔

باغی ٹی وی : فلسطین کے محصور علاقے غزہ میں 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جارحیت کو 9 ماہ مکمل ہوگئے ہیں غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ جنوبی غزہ میں خان یونس شہر کے مشرق میں اباسان الکبیرہ قصبے میں العودہ اسکول کے گیٹ کے باہر اسرائیل کی جانب سے فضائی حملہ ہوا جس میں کم از کم 29 افراد شہید ہوگئے، زخمیوں میں متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔ حکام نے اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق چار دن میں اسرائیل کی جانب سے بے گھر افراد کو پناہ دینے والے اسکولوں پر یہ چوتھا حملہ ہے۔ غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 38 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ہم نے حماس کے عسکری ونگ سے تعلق رکھنے والے ایک دہشت گرد کو نشانہ بنانے کے لیے گولہ باری کی،جبکہ ایک ہفتے قبل اسرائیلی فوج نے شہریوں کو مشرقی خان یونس اور دیگر علاقوں کو خالی کرنے کا حکم دیا تھا، جس سے ہزاروں افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔

Comments are closed.