لاہور سمیت کئی شہروں میں‌بارش،سڑکیں ،گلیاں تالاب کا منظر،بجلی غائب

0
159
lahore rain

پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت کئی شہروں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش کی وجہ سے سڑکیں، گلیاں تالاب بن گئیں، پانی گھروں میں داخل ہو گیا، کئی علاقوں میں بارش کے بعد بجلی غائب ہو گئی

لاہور میں بارش سے پانی گھروں میں‌ داخل ہو چکا، سروسز ہسپتال، چلڈرن ہسپتال کی ایمرجنسی میں بھی پانی داخل ہو گیا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدیدمشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں،لاہور میں بارشوں کا 44 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ،،لاہور ائیرپورٹ پر سب سے زیادہ 350 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔نشتر ٹاون 282 ،اقبال ٹاون 232, پانی والا تالاب 226 ، جوہر ٹاون 222 ملی میٹر بارش ریکاڑڈ جبکہ سمن آباد اور تاج پورہ 220 , قرطبہ چوک 218 , چوک ناخدہ217 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے

لاہور کے نواحی علاقے چوہنگ میں بھی موسلادھاربارش ہوئی جبکہ علاقے تاج پورہ میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا،راجگڑھ میں‌پانی گھروں، دکانوں‌میں داخل ہو گیا،محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، اور مون سون بارشوں کا سلسلہ 6 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے،واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے اعداد و شمار کے مطابق لاہور ائیر پورٹ پر ہونے والی بارش 44 سال میں ریکارڈ کی گئی سب سے زیادہ ہے۔لاہور میں متعدد انڈر پاسز پانی سے بھرے ہوئے ہیں۔ گلیوں میں اتنا پانی ہے کہ باہر نہیں نکلا جاسکتا اور بارش ابھی بھی جاری ہے بجلی کئی گھنٹوں سے غائب ہے۔

دوسری جانب لاہور میں بارش سے 400 سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے ہیں، بارش رکتے ہی بجلی کی بحالی کا کام شروع ہو جائے گا، بجلی کی بندش سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،لیسکو ترجمان نے کہا ہے کہ لیسکو فیلڈ سٹاف کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔،وسم کی خرابی کے پیش نظر لیسکو انتظامیہ کی معزز صارفین سے تعاون کی اپیل ہے،چیف ایگزیکٹو لیسکو نے تمام سرکل اور ڈویژن میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ بجلی کی بندش سے شہریوں کو پیش آنیوالی مشکلات پر لیسکو انتظامیہ معذرت خواہ ہے،ترجمان لیسکو کے مطابق لیسکو فیلڈ اسٹاف نہایت جانفشانی کے ساتھ بارش سے متاثرہ تمام علاقے کو کلئیر کرنے میں مصروف ہے۔ بارش کے باعث بجلی بحالی کے کاموں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، اسٹاف سیفٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام کام سرانجام دے رہا ہے۔ لیسکو چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر اپنی ٹیم کے ہمراہ بجلی بحالی کے عمل کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔صارفین سے درخواست ہے کہ مون سون کے دوران بجلی کی تنصیبات سے دور رہیں۔ بجلی کی ہائی ٹینشن لائنوں سے کم ازکم10فٹ دور رہیں۔ بجلی معطل ہونے کی صورت میں لیسکو کو مطلع کرکے عملے کے آنے کا انتظار کریں۔کسی بھی ہنگامی صورتحال میں اپنے متعلقہ علاقے کے کمپلینٹ آفس سے فوری رابطہ کریں یا 118 پر اطلاع دیں۔

لاہور کے علاوہ پنجاب کے شہروں شیخوپورہ، قصور، پاکپتن، سرگودھا، جہلم، مری، راولپنڈی، اسلام آباد میں بھی موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں،میرپور آزاد کشمیر میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے اور مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ سے درخت گر گئے ہیں

ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہوں پر اکثر مقامات پر وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، موٹروے ایم 2 پر پنڈی بھٹیاں، شیخوپورہ، کالا شاہ کاکو اور ٹھوکر نیازبیگ تک بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کے علاوہ مانگا منڈی، پتوکی، رینالہ خورد اور اوکاڑہ کے مقامات پر بارش ہو رہی ہے جبکہ موٹر وے ایم 3 پر فیض پور سے ننکانہ صاحب تک بارش ہے۔

بارش کے باعث لاہور کی کون کون سی سڑکیں پانی سے بھری ہوئی ہیں؟
شہر کی متعدد شاہراہوں پر بارشی پانی موجود،سڑکوں پر سست روی سے رواں دواں ہے،سی ٹی او لاہور نے ڈویژنل افسران اور سرکل افسران کو نکاسی آب کا جائزہ لینے کیلئے کی ہدایت کی ہے،مزنگ، جین مندر، جی پی او چوک، قادری چوک، ریگل، صفانواں والہ چوک پانی موجود ہے،انارکلی، لٹن روڈ، چوبرجی، ملتان روڈ، ٹمبر مارکیٹ بارشی پانی موجود ہے،عابد مارکیٹ، دھرمپورہ، صدر گول چکر، گڑھی شاہو، بادامی باغ اڈا،کلمہ چوک، بارشی پانی موجود ہے،شہر کی متعدد شاہراہوں اور انڈرپاسسز پر بھی بارش کا پانی موجود ہے،بارش کے دوران وارڈنز میں بہترین ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں،

شدید بار ش کے بعد لاہور میں رین ایمرجنسی نافذ
لاہور میں شدید بارش کے بعد کمشنر لاہور کی جانب سے رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے،انتظامیہ کی جانب سے لاہور کے دفاتر اور اسکولوں کے سمر کیمپس میں چھٹی کا اعلان کردیا گیا ہے،کمشنر لاہور زید بن مقصود کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث نقصان سے بچنے کیلئے دفاتر اور اسکولوں کو بند کردیا گیا ہے، کمشنر لاہور نے شہریوں کو بھی بارش کے دوران غیرضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے

بارش کے بعد لاہور کے ہسپتال پانی سے بھر گئے،چھتیں ٹپک پڑیں
بارش کے بعد لاہور کے ہسپتال بھی پانی سے بھر گئے، مریضوں اور انکے ساتھ آئے افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،لاہور جنرل ہسپتال پانی سے بھر گیا، پانی کئی وارڈز میں بھی داخل ہو گیا، سروسز ہسپتال کی ایمرجنسی میں بھی پانی داخل ہو گیا، میو ہسپتال اور جناح ہسپتال کی چھتیں بھی ٹپک پڑیں،جناح ہسپتال کی فزیو تھراپی، ٹی بی وارڈ، ایم آر آئی سیکشن ، بلڈ بنک ، نرسنگ ہوسٹل اور کالج میں پانی داخل ہو گیا، ایم آر آئی سیکشن میں بھی پانی داخل ہو گیا۔ وارڈ میں پانی داخل ہونے سے مریضوں کو بھی مشکلات کا سامنا کر نا پڑا،سروسز ہسپتال میں کروڑوں مالیت سے تیار ہونیوالا ایمرجنسی وارڈ پانی سے بھر گیا، وارڈ میں پانی بھرنے سے مریضوں اور ڈاکٹروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ،میو ہسپتال میں ڈیڑھ ارب روپے سے تیار ایمرجنسی وارڈ کی چھت ایک بار پھر ٹپک گئی اور پانی مختلف حصوں میں داخل ہو گیا،چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے سروسز ہسپتال کا دورہ کیا اور نکاسی آب آپریشن کا جائزہ لیتے ہوئے بارش کے پانی کے نکاس کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے،چیف سیکرٹری پنجاب نے واسا کو بارشی پانی کے جلد از جلد نکاس کیلئے مزید پمپوں کی تنصیب کی ہدایت کی اور اسپتالوں کو بارش کے پانی سے مکمل صاف کرنے کے احکامات دیے۔

گلی محلوں اور روڈز سےبارش کے پانی کی نکاسی کا آپریشن جلد مکمل کیا جائے، وزیراعلیٰ پنجاب
لاہور سمیت پنجاب میں طوفانی بارش،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے انتظامی افسروں اور واسا حکام کو فیلڈ میں پہنچے کی ہدایت کی اور لاہور اور دیگر شہروں میں بارشی پانی کی جلد نکاسی کا حکم دیا،وزیر اعلیٰ مریم نواز نےبارش کی پانی کے نکاس کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لئے وارڈن اور متعلقہ انچارج موجود رہیں ،گلی محلوں اور روڈز سےبارش کے پانی کی نکاسی کا آپریشن جلد مکمل کیا جائے، وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے مطابق لاہور میں واسا، ایل ڈبلیو ایم سی اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں بارش کا پانی نکالنے کے لیے متحرک ہیں،لاہور میں کوئی رین ایمرجنسی نہیں لگائی گئی۔ اسکے باوجود واسا اور ایل ڈبلیو ایم سی نے شہر کے 22 پوائنٹس کو مکمل کلیئر کردیا ہے جس کی رپورٹ وزیراعلی کو بھیج دی گئی ہے، مریم نواز نکاسی آب کی خود نگرانی کررہی ہیں، وزیراعلی مریم نواز کی ہدایت پر چیف سیکرٹری پنجاب پورے شہر کا وزٹ کررہے ہیں، سروسز ہسپتال کو مکمل کلیئر کردیا گیا ہے۔ جی پی او،نابہ روڈ،ریلوے اسٹیشن،ایمپریس روڈ،وارث روڈ کو کلیئر کردیا ہے،چوبرجی چوک،شاہ جمال روڈ،قرطبہ چوک،مزنگ،اک موریہ پل کلیئر کردیا ہے،قذافی اسٹیڈیم،ٹھوکر نیاز بیگ،اللہ ہو چوک،جوہر ٹاؤن،لکشمی چوک کلیئر ہیں۔ رسول پارک،علی بلاک گارڈن ٹاؤن،تاجپورہ،بھاٹی گیٹ اور کریم بلاک کلیئر کردیے گئے ہیں، واسا اور ایل ڈبلیو ایم سی کا عملہ بارش کا پانی نکالنے میں مصروف ہے، مریم نواز کی ہدایات کے مطابق حکومتی مشینری مکمل طور پر متحرک ہے اور فیلڈ میں موجود ہے، اگلے دو سے تین گھنٹوں میں جن جگہوں پر پانی کھڑا ہے ان کو کلیئر کر دیا جائے گا۔

بارش کے باعث چھتیں گرنے کے مختلف واقعات میں ایک بچی جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی
لاہور میں موسلادھار بارش کے باعث چھتیں گرنے کے مختلف واقعات میں ایک بچی جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہوگئے ہیں،لاہور کے علاقے گجومتہ کے قریب بابا بلھے شاہ انٹرچینج گاؤں میں ٹی آر گارڈر کی چھت گر گئی جس کے ملبے تلے 6 افراد دب گئے، واقعہ کے نتیجے میں ایک بچی جاں بحق جبکہ 5 افراد کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا،چھت گرنے کا دوسرا واقعہ شوکت خانم چوک کے قریب پیش آیا، چھت گرنے سے دو افراد ملبے تلے دب گئے، ریسکیو نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے دونوں افراد کو ملبے کے نیچے سے نکال لیا،
ریسکیو ٹیم نے ایک شخص کو ابتدائی طبی امداد دی جبکہ دوسرے شخص کو زخمی حالت میں جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا سروسز اور جنرل ہسپتال کا دورہ
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے جنرل ہسپتال لاہور کا دورہ کیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے جنرل ہسپتال لاہور میں طبی سہولیات سمیت بارشی پانی کے نکاس کیلئے انتظامات کا جائزہ لیا۔پرنسپل پروفیسر سردار الفرید ظفر، ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین اور واسا کے عملہ نے اس حوالے سے بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ جنرل ہسپتال کے مختلف وارڈز کا دورہ کرکے جائزہ لیا گیا ہے۔ صوبائی وزیرصحت نے ہدایت کی کہ بارشی پانی کے نکاس کیلئے تمام متعلقہ محکمہ جات الرٹ رہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ لاہور کے بڑے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو کسی بھی پریشانی سے بچانے کیلئے پانی کے نکاس کے انتظامات کو مسلسل مانیٹر کر رہے ہیں۔ شہر میں تیز اور مسلسل بارش کے باعث شہریوں کی آسانی کیلئے انتظامیہ الرٹ ہے۔اس موقع پر پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج و جنرل ہسپتال پروفیسر سردار الفرید ظفر، محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن سے ڈپٹی سیکرٹری ولید بیگ اور ایس او جی جواد پیرزادہ، ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین اور واسا کے افسران موجود تھے،بعد ازاں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے سروسز ہسپتال لاہور کا دورہ کیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے سروسز لاہور میں طبی سہولیات سمیت بارشی پانی کے نکاس کیلئے انتظامات کا جائزہ لیا۔پرنسپل سمز پروفیسر زوہرہ خانم، ایم ایس سروسز ڈاکٹر عبدالمدبر اور واسا کے عملہ نے اس حوالہ سے بریفننگ دی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ سروسز ہسپتال لاہور کے مختلف وارڈز کا دورہ کرکے حالات کا جائزہ لیا گیا ہے۔ بارشی پانی کے نکاس کیلئے تمام متعلقہ محکمہ جات الرٹ ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ لاہور کے بڑے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو کسی بھی پریشانی سے بچانے کیلئے پانی کے نکاس کے انتظامات کو مسلسل مانیٹر کر رہے ہیں۔ شہر میں تیز اور مسلسل بارش کے باعث شہریوں کی آسانی کیلئے انتظامیہ الرٹ ہے۔اس موقع پر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن سے ڈپٹی سیکرٹری ولید بیگ اور ایس او جی جواد پیرزادہ، ایکسیئن فہد اور ڈائریکٹر واسا عثمان موجود تھے

Leave a reply