سیالکوٹ میں "مریم کی دستک” پروگرام کا آغاز، شہریوں کو گھر بیٹھے سہولیات

سیالکوٹ،باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہدریاض)اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ انعم بابر نے اعلان کیا ہے کہ "مریم کی دستک” پروگرام کے تحت شہریوں کو مختلف سرکاری سہولیات گھر بیٹھے حاصل ہو سکیں گی۔ اس پروگرام کے تحت شہریوں کو پیدائشی سرٹیفیکیٹ، شادی کے سرٹیفیکیٹ، موت کے سرٹیفیکیٹ اور گاڑی کی ٹرانسفر سمیت دیگر سرکاری کاموں کے لیے دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

انہوں نے بتایا کہ شہری صرف ہیلپ لائن 1202 پر کال کر کے دستک فیسیلیٹیٹر کی خدمات حاصل کر سکتے ہیں۔ یہ فیسیلیٹیٹر شہریوں کے گھر جا کر ان کی مدد کریں گے۔ اس پروگرام کے ذریعے نہ صرف شہریوں کا وقت بچے گا بلکہ انہیں دفتری چکر سے بھی نجات ملے گی۔

اسسٹنٹ کمشنر نے مزید کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔ فیسیلیٹیٹر بننے کے لیے کم از کم 18 سال کی عمر اور انٹر پاس ہونا ضروری ہے۔ نوجوان اس پروگرام میں شامل ہو کر نہ صرف اپنی آمدنی کا ذریعہ بنا سکتے ہیں بلکہ سماجی خدمت بھی کر سکتے ہیں۔

"مریم کی دستک” پروگرام میں فیسیلیٹیٹر بننے کے لیے درج ذیل کام کرنا ہوں گے:اینڈرائڈ موبائل فون پر ایک مخصوص ایپ پر رجسٹریشن کرنا ہوگی۔شہریوں کے گھروں جا کر ان کی مدد کرنا ہوگی۔مختلف سرکاری دستاویزات تیار کرنا ہوں گی۔شہریوں کے لیے یہ سروسز کیسے حاصل کی جا سکتی ہیں:

شہری گھر بیٹھے ہیلپ لائن 1202 پر کال کریں گے۔کال سنٹر کے عملہ شہری کی درخواست کو دستک فیسیلیٹیٹر تک پہنچائے گا۔فیسیلیٹیٹر شہری کے گھر جا کر اس کی مدد کرے گا۔

اس پروگرام کے آغاز سے سیالکوٹ کے شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس پروگرام سے انہیں بہت سہولت ہو گی اور انہیں دفتری چکر سے نجات ملے گی۔

Leave a reply