افغان عبوری حکومت کی جانب سے دہشت گردوں کی مدد کے ناقابل تردید شواہد منظر عام پر

0
48

پاکستان میں دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کے استعمال کے نئے اور ناقابل تردید شواہد سامنے آئے ہیں۔ افغان عبوری حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد افغان سرزمین عالمی دہشت گردوں کی پناہ گاہ بن گئی ہے، جس سے عالمی اور بالخصوص خطے کے امن کو شدید خطرات لاحق ہیں۔پاکستان میں دہشت گردی کے لیے افغانستان کی سرزمین کے استعمال کے شواہد وقتاً فوقتاً سامنے آتے رہے ہیں، اور حالیہ بار پھر فتنتہ الخواراج کے سرغنہ نور ولی محسود اور مزاحم محسود کی افغانستان میں موجودگی کے ناقابل تردید شواہد منظر عام پر آئے ہیں۔ ان شواہد کے مطابق، نور ولی محسود اور مزاحم محسود کو افغان حکومت کی جانب سے خصوصی پرمٹ جاری کیے گئے ہیں جو ان کی آزادانہ نقل و حرکت اور اسلحہ رکھنے کی اجازت دیتے ہیں۔

دستاویزات کے مطابق، نور ولی محسود کو افغان حکومت کی جانب سے فیلڈر 2005 ماڈل گاڑی اور دو کلاشنکوفیں رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، مزاحم محسود کو بھی افغان عبوری حکومت کی جانب سے جاری کردہ پرمٹ کے تحت ایک M4، ایک M16، اور دو کلاشنکوفیں رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔ ان پرمٹس کی تفصیلات سے ظاہر ہوتا ہے کہ افغان عبوری حکومت نے خوارج کو افغانستان میں اسلحہ کے ساتھ آزادانہ نقل و حرکت کی مکمل سہولت فراہم کی ہے۔پاکستان نے بار بار افغان عبوری حکومت کو فتنتہ الخواراج کی افغانستان میں موجودگی کے ناقابل تردید شواہد فراہم کیے ہیں، مگر افغان حکومت نے ان کے خلاف کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی۔ افغانستان کے آرمی چیف نے حال ہی میں کہا تھا کہ حکومت پاکستان نے خوارج کی موجودگی کے کوئی ٹھوس شواہد فراہم نہیں کیے، تاہم یہ شواہد اس کے برعکس ہیں۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ افغان عبوری حکومت خوارج کو افغانستان کے بارڈر پر ملٹری پوسٹس کے قریب رکھتے ہیں اور ضرورت پڑنے پر انہیں پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ فتنتہ الخواراج کے کمانڈرز کی افغان عبوری حکومت کے عہدیداران سے ملاقاتوں کے ناقابل تردید شواہد بھی منظر عام پر آ چکے ہیں، جو افغان حکومت کی جانب سے خوارج کو دہشت گردی کے لیے مکمل سہولت فراہم کرنے کی تصدیق کرتے ہیں۔اس وقت فتنتہ الخواراج کے دہشت گرد اور ان کی سینئر قیادت افغانستان میں موجود ہے، اور افغانستان میں ان کے تربیتی مراکز اور لاجسٹک بیس بھی موجود ہیں۔ افغان عبوری حکومت کی جانب سے خوارج کو واضح سہولت کاری کی وجہ سے پاکستان کو مسلسل دہشت گردی کا سامنا ہے، اور اس معاملے پر عالمی سطح پر مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

Leave a reply