ڈیرہ غازیخان (باغی ٹی وی رپورٹ) آنکھوں کی بیماری آشوب چشم کا تیزی سےپھیلاؤ،عوام بے بس، تشویشناک صورتحال

تفصیل کے مطابق ڈیرہ غازیخان شہر کے مضافاتی علاقوں پیرعادل، لاڈن، اور دری میرو میں آنکھوں کی ایک مہلک بیماری نے ہنگامہ مچا دیا ہے۔ اس بیماری کی زد میں سکول جانے والے بچے، نوجوان اور بوڑھے سبھی آ رہے ہیں۔ آنکھوں سے پانی بہنا، شدید خارش، سوزش اور لالی کی شکایات عام ہیں۔

اس صورتحال میں محکمہ صحت کے ارباب اختیار غائب ہیں۔ شہریوں کو اس بیماری سے بچاؤ کے لیے کوئی سرکاری کیمپ یا احتیاطی تدابیر نہیں بتائی جا رہی ہیں۔ محکمہ صحت کے افسران اپنے ائیر کنڈیشنڈ کمروں سے باہر نکلنے کو تیار نہیں ہیں۔ عوام کو نہیں پتا کہ اس مشکل وقت میں کہاں جائیں۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس بیماری کی جلد از جلد تشخیص اور علاج بہت ضروری ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپنی آنکھوں کی دیکھ بھال پر خاص توجہ دینے اور کسی بھی قسم کی علامت ظاہر ہونے پر فوراً ڈاکٹر سے رجوع کرنے کی اپیل کی ہے۔

متاثرہ علاقوں کے لوگوں نے حکومت اور محکمہ صحت سے فوری مدد کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرین کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور اس بیماری کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

Shares: