اسرائیلی فوج کا لبنان کے بیروت میں حزب اللہ کے ہیڈکوارٹر پر حملہ

0
55
hizbullah

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں حزب اللہ کے ہیڈکوارٹر پر فضائی حملہ کیا ہے، جس کا مقصد حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کو نشانہ بنانا تھا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق، اسرائیلی فوج نے طاقتور میزائلوں کے ذریعے لبنان میں فضائی حملے کیے، خاص طور پر ایئرپورٹ روڈ پر ایک مخصوص عمارت کو نشانہ بنایا گیا۔اسرائیلی فوج نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ فورسز نے حزب اللہ کے سینٹرل کمانڈ پر بمباری کی ہے اور ہمارا اصل ہدف حسن نصراللہ تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ حملہ گزشتہ پانچ روز کے دوران بیروت پر ہونے والی سب سے طاقتور بمباری میں شامل ہے، جس کے نتیجے میں جنوبی ٹاؤن میں چار عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق، حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ اس حملے کے دوران محفوظ رہے ہیں، تاہم حزب اللہ کی جانب سے ان کے حوالے سے کوئی تصدیق نہیں کی گئی۔ لبنانی شہری دفاع کے مطابق، حملے کے نتیجے میں تباہ شدہ عمارتوں سے دو افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں جبکہ 76 افراد زخمی ہوئے ہیں۔حزب اللہ ہیڈکوارٹر پر حملے کی منظوری اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب سے کچھ دیر قبل دی۔ یہ بھی قابل ذکر ہے کہ اسرائیل نے غزہ کے بعد اپنی توجہ لبنان کی جانب مبذول کر لی ہے، جہاں حالیہ بمباری میں سیکڑوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔اس کے علاوہ، گزشتہ برس 7 اکتوبر کو فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کی جانب سے کیے گئے ایک آپریشن کے بعد اسرائیل کی غزہ پر بمباری جاری ہے، جس کے نتیجے میں اب تک 41 ہزار سے زائد افراد، جن میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے، ہلاک ہو چکے ہیں۔

Leave a reply