سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض سے)فیڈرل ریونیو الائنس ایمپلائز یونین (ایف بی آر) کے زیر اہتمام سالانہ جشن عید میلادالنبی ﷺ کی پروقار محفل کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر علامہ ڈاکٹر سلیمان مصباحی نے خصوصی خطاب کیا جبکہ حافظ محبوب عالم، محمد وسیم خاکسار، فاروق نیازی، فراز راجہ ایڈووکیٹ اور دیگر نعت خوانوں نے رسول کریم ﷺ کی شان میں نعت خوانی کی اور عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔
محفل میلاد میں ایڈیشنل کمشنر عمرآن شمسی، ڈی سی ہیڈکوارٹرز اسماعیل دانش، ڈپٹی کمشنر غفران سید، سید نصر اقبال، ملک اصغر، چوہدری آصف، چوہدری سلیم اللہ شہاب، محمد اکبر خان (جنرل سیکرٹری)، اے سی عمر مہتاب، صدر سیالکوٹ ٹیکس بار ایسوسی ایشن عاطف ملک، جنرل سیکرٹری ٹیکس بار عثمان رضا، دیانت علی، ملک یوسف، انسپکٹر محمد عمران، محبوب صدیق، یاسین، طاقب علی ایڈووکیٹ، اے سی زاہد بھٹی سمیت انکم ٹیکس دفتر کے عملے نے بھرپور شرکت کی۔
علامہ ڈاکٹر سلیمان مصباحی نے اپنے خطاب میں نبی کریم ﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں نبی کریم ﷺ کے اخلاق اور تعلیمات کو اپنانا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نبی پاک ﷺ کی ذات دنیا کے لیے سب سے بڑی نعمت ہے اور ان کی آمد سے دنیا کے اندھیرے اور گمراہی ہمیشہ کے لیے ختم ہو گئی۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ نبی آخرالزمان ﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہو کر ہی دنیا اور آخرت کی کامیابیاں حاصل کی جا سکتی ہیں۔ محفل میلاد کا اختتام دعا کے ساتھ کیا گیا، جس میں شرکاء نے ملک و قوم کی خوشحالی اور سلامتی کے لیے دعا کی۔