سیالکوٹ:نیوٹک اور پاکستان گلوز مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کا تعاون مستحکم کرنے پر زور

ڈی جی نیوٹک آصفہ مقبول کا پی جی ایم ای اے کا دورہ، ہنر مند افرادی قوت کے فروغ کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی

سیالکوٹ (باغی ٹی وی یوروچیف شاہد ریاض)نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹک) کی ڈائریکٹر جنرل پنجاب، آصفہ مقبول، نے پاکستان گلوز مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پی جی ایم ای اے) کا دورہ کیا اور دونوں اداروں کے درمیان ہنر مند افرادی قوت کی ترقی کے لیے تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس دورے کا مقصد صنعتی شعبے اور تکنیکی تربیت کے اداروں کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانا اور ہنر مند افرادی قوت کی تربیت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے مشترکہ حکمت عملی پر غور کرنا تھا۔

دورے کے دوران پی جی ایم ای اے کے چیئرمین انس راحیل برلاس، سینئر وائس چیئرمین مطلوب احمد قریشی اور وائس چیئرمین عطاء اللہ نے ڈی جی نیوٹک آصفہ مقبول کا پرتپاک استقبال کیا۔ چیئرمین انس راحیل برلاس نے معزز مہمان کو خوش آمدید کہا اور دونوں اداروں کے درمیان مشترکہ اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ پاکستان گلوز مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن اور نیوٹک ہنر مند افرادی قوت کے فروغ کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں اور انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ایسوسی ایشن نیوٹک کے تمام اقدامات کی بھرپور حمایت کرے گی۔

ڈی جی نیوٹک آصفہ مقبول نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیوٹک پاکستان میں ہنر مند افرادی قوت کی تیاری اور فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیوٹک نہ صرف فنی تربیت فراہم کر رہا ہے بلکہ تربیت حاصل کرنے والے بچوں اور بچیوں کو وظائف بھی دے رہا ہے تاکہ وہ اپنی تربیت کے دوران مالی مشکلات کا شکار نہ ہوں اور اپنی ضروریات پوری کر سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیوٹک جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے اداروں میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کروا رہا ہے تاکہ یہاں سے عملی طور پر سیکھنے کے بعد ہمارے نوجوان مستقبل میں بہتر روزگار کے مواقع حاصل کر سکیں اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ نیوٹک فنی تربیت کے معیار کو بہتر بنانے اور طلبہ کو جدید دور کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار کرنے پر توجہ مرکوز کر رہا ہے۔

چیئرمین انس راحیل برلاس نے نیوٹک کے ساتھ اپنے ادارے کی وابستگی کو مزید مضبوط کرنے کی خواہش ظاہر کی اور کہا کہ نیوٹک کے ساتھ تعاون سے ہم ہنر مند افرادی قوت کی کمی کو پورا کر سکتے ہیں جو کہ ملکی صنعت کے لیے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی فنی تربیت اور صنعتی ترقی میں نیوٹک کا کردار بہت اہم ہے اور ہم اس کے ساتھ مزید اقدامات کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔

اس دورے کا مقصد ہنر مند افرادی قوت کے فروغ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے دونوں اداروں کے درمیان قریبی تعاون اور مشترکہ منصوبوں کو آگے بڑھانا تھا تاکہ پاکستانی صنعتیں بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کرنے کے قابل ہو سکیں اور ملک کی معاشی ترقی میں اضافہ ہو۔

Comments are closed.