ڈیرہ غازی خان: ٹریفک پولیس کے چالان اب ٹھیلے والوں کے ذریعے جمع کرانے کا نیا نظام متعارف
ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر) ٹریفک پولیس کے چالان اب ٹھیلے والوں کے ذریعے جمع کرانے کا نیا نظام متعارف کرادیا گیا
تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں ٹریفک پولیس کی کارکردگی نے عوامی اعتماد کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ حالیہ واقعات کے دوران ڈیرہ غازی پل ڈاٹ سنگم چوک پر پیش آنے والی ایک عجیب صورتحال نے شہریوں میں بے چینی پیدا کر دی۔ جب چند صحافی دوست چائے پینے کے لیے وہاں رکے تو انہوں نے ٹریفک پولیس کے اے ایس آئی شہزاد کو اپنی ڈیوٹی پر متحرک پایا۔
اے ایس آئی شہزاد نے گاڑیوں کو روکتے ہوئے ڈرائیورز کو اپنی جانب متوجہ کیا۔ جب کوئی ڈرائیور اپنی گاڑی سے اترتا تو انہیں بتایا جاتا کہ وہ اپنی چالان کی رقم ایک ٹھیلے والے جو ساتھ ہی کیلے فروخت کر رہا تھاکے پاس جمع کرائیں۔ اس غیر روایتی طریقہ کار پر صحافیوں نے حیرت کا اظہار کیا اور اے ایس آئی شہزاد سے وضاحت طلب کی۔
شہزاد نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس چالان بھرنے کا موقع نہیں ہے، اس لیے ڈرائیور نے ٹھیلے والے کو رقم دے کر کہا ہے کہ وہ چالان جمع کرائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس معاملے کا تحریری نوٹ بھی موجود ہے جو اس عمل کی تصدیق کرتا ہے۔
یہ صورتحال شہریوں کے لیے نئی اور حیران کن ہے۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا ٹریفک پولیس کے چالان اب ٹھیلے والوں کے ذریعے ادا کیے جائیں گے؟ اس کے علاوہ ہر چالان کرنے والے پولیس افسر کے ساتھ موجود نجی فرد کا کردار بھی سوالیہ نشان بن گیا ہے جو چالان کی رقم وصول کرتا ہے یا رسید فراہم کرتا ہے۔
شہزاد کے بیان نے عوام میں مزید شکوک و شبہات پیدا کر دیے ہیں۔ آیا یہ کیلے والا دراصل گاڑی کے مالک کا قریبی رشتہ دار ہے جو چالان کی رقم جمع کرائے گا؟ ایسی صورت حال نے شہریوں کو یہ سوچنے پر مجبور کر دیا ہے کہ آیا یہ ٹریفک پولیس کی کارکردگی میں کمی کا اشارہ ہے یا یہ عوام کے حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
ڈیرہ غازی خان میں ٹریفک پولیس کے اس غیر روایتی نظام نے شہریوں کے لیے نئے چیلنجز پیدا کر دیے ہیں۔ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ حکومت اور اعلیٰ حکام اس صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لیں تاکہ ٹریفک پولیس کی کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے ۔