موٹروے پولیس کی بڑی کارروائی، آتش گیر مواد کی غیر قانونی نقل و حمل ناکام
گوجرہ (باغی ٹی وی ،نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ایم فائیو سیکٹر ٹو نے آتش گیر مواد کی غیر قانونی نقل و حمل کو ناکام بناتے ہوئے بڑی کارروائی کی ہے۔ آئی جی موٹروے پولیس سلمان چوہدری کے وژن کے مطابق موٹروے پولیس عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے دن رات سرگرم ہے۔
موٹروے پولیس نے اوگرا (OGRA) قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سیفٹی پروٹوکول کے بغیر آتش گیر مواد لے جانے والی گاڑی کے خلاف فوری کارروائی کی۔
تفصیلات کے مطابق، ایڈمن آفیسر موٹروے پولیس گھوٹکی، انسپکٹر محمد عثمان شبیر سپروائزری گشت پر تھے کہ قطب الدین شاہ سروس ایریا میں ایک مشکوک گاڑی کی تلاشی لی گئی۔ تلاشی کے دوران گاڑی میں بڑی تعداد میں آتش گیر مواد (ڈیزل اور پٹرول) کے ڈرم برآمد ہوئے جو کہ سروس ایریا اور موٹروے پر کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتے تھے۔ متعلقہ ایریا کے افسران کو فوری طور پر موقع پر طلب کیا گیا اور گاڑی سمیت ڈرائیور اور اس کے ساتھی کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے تھانہ سرحد ضلع گھوٹکی کے حوالے کر دیا گیا۔
ایس پی موٹروے عبدالوحید ربانی نے افسران کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے ان کے لیے تعریفی سرٹیفکیٹ کا اعلان کیا ہے۔