سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیورو چیف شاہد ریاض) سیالکوٹ ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے جعلی دستاویزات پر سفر کرنے کی کوشش کرنے والے ایک مسافر کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت زبیر حسین کے نام سے ہوئی ہے جو یونان جانے کی کوشش میں تھا۔ امیگریشن کلئیرنس کے دوران ملزم کو مشکوک پایا گیا اور ابتدائی تفتیش میں اس کے پاس یونان کا جعلی ریزیڈنٹ پرمٹ کارڈ برآمد ہوا۔
ملزم نے ابتدائی تفتیش میں انکشاف کیا کہ وہ سال 1997 سے یونان میں مقیم ہے اور اس کے پاس یونان کا ووک (vvoc) ہے۔ اس نے یونان سے اٹلی اور پھر وہاں سے پاکستان کا سفر کیا، لیکن اپنے ووک کے لیے اوکے ٹو بورڈ حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ پاکستان پہنچ کر اس نے قیصر نامی ایجنٹ سے رابطہ کیا اور 500 یورو میں یونان کا جعلی ریزیڈنٹ پرمٹ کارڈ حاصل کیا۔
ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل گوجرانوالہ منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔








