مظفرآباد (باغی ٹی وی رپورٹ) حلقہ 2 لچھراٹ کنگراں روڈ کی تعمیر کا کام پانچ ماہ گزرنے کے باوجود مکمل نہ ہو سکا، جس کی وجہ سے علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پانچ ماہ قبل کنگراں لنک روڈ کی تعمیر کا آغاز کیا گیا تھا۔ یہ روڈ آدھ کلومیٹر لمبا ہے اور اس کی تعمیر کا ٹینڈر ٹھیکیدار وسیم شاہ کو دیا گیا تھا۔ ٹھیکیدار نے ابتدائی طور پر کام ایمانداری سے شروع کیا اور سولنگ بھی جلد مکمل کی لیکن اس کے بعد کام میں مسلسل تاخیر کا شکار ہو گیا۔
پانچ ماہ گزر جانے کے باوجود روڈ کی تعمیر مکمل نہیں ہو سکی۔ ٹھیکیدار وسیم شاہ کام چھوڑ کر فرار ہو گیا، جس کے بعد اس نے سارا ملبہ محکمہ پی ڈبلیو ڈی کے متعلقہ آفیسرز پر ڈال دیا۔ اس کا کہنا ہے کہ جب تک فنڈز جاری نہیں کیے جائیں گے، وہ کام مکمل نہیں کر سکتا۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ روڈ کی تکمیل نہ ہونے کے باعث ان کی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ اس روڈ پر گاڑیوں کا سفر تو دور، پیدل چلنا بھی مشکل ہو چکا ہے۔ انہوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ٹھیکیدار کو فنڈز جاری کیے جائیں تاکہ کنگراں لنک روڈ کی تعمیر مکمل ہو سکے اور عوام کو سہولت فراہم کی جا سکے۔