اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان) شہر میں نوجوانوں کی جانب سے موٹر سائیکلوں پر فائرنگ ہارن، ایمبولینس ہارن، اور ون ویلنگ جیسے خطرناک رجحانات نے عوام کو شدید مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے۔ مقامی پولیس کی مبینہ خاموشی اور غفلت کے سبب شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور ڈی پی او بہاولپور سے فوری کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، اوچ شریف کی گنجان آبادیوں اور شاہراہوں پر نوجوانوں کی موٹر سائیکلوں پر ایمرجنسی ہارن بجانے اور ون ویلنگ کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ یہ خطرناک سرگرمیاں شہریوں کو نہ صرف صوتی آلودگی اور ذہنی دباؤ میں مبتلا کر رہی ہیں بلکہ حادثات کے امکانات بھی بڑھا رہی ہیں۔ متعدد لوگ اینگزائٹی، ڈپریشن اور بے خوابی جیسے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ ایک شہری نے بتایا کہ وہ موٹر سائیکل پر سفر کر رہے تھے جب چند نوجوان ایمرجنسی ہارن بجا کر اور ون ویلنگ کرتے ہوئے ان کے پیچھے آئے، جس پر انہوں نے ہارن کو اصل ایمبولینس سمجھ کر راستہ دیا اور نتیجتاً ایک حادثے سے بال بال بچے۔

مقامی پولیس اور ٹریفک اہلکاروں کی عدم توجہی کے باعث ون ویلنگ اور غیر قانونی ہارن کے استعمال کا یہ رجحان مزید خطرناک ہوتا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ عمل نہ صرف حادثات کو فروغ دے رہا ہے بلکہ ایمرجنسی سروسز کی کارکردگی پر بھی منفی اثر ڈال رہا ہے۔

شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور مقامی پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ان سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے بھرپور کریک ڈاؤن کریں تاکہ نہ صرف شہریوں کی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے بلکہ ایمرجنسی سروسز کی افادیت اور کارکردگی بھی بحال رہے۔

Shares: