چونیاں،باغی ٹی وی (نامہ نگار) قصور کے دوسرے بڑے شہر چونیاں میں ٹریفک کے مسائل شدت اختیار کر چکے ہیں۔ ٹریفک وارڈنز کی عدم موجودگی کے باعث شہر بھر میں ٹریفک جام معمول بن گیا ہے، جس سے شہری شدید اذیت کا شکار ہیں۔ شہر کی مختلف سڑکوں اور مقامات جیسے کارڈیک سینٹر، اڈے والی مسجد، کمیٹی باغ، اور سبزی منڈی پر رکشوں اور ٹیوٹا گاڑیوں نے تجاوزات قائم کر رکھی ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک وارڈنز اپنی ذمہ داریوں سے غافل ہیں، جبکہ چھانگا مانگا گول چکر پر موجود اہلکار مبینہ طور پر کمرشل گاڑیوں سے "مال پانی” وصول کرنے میں مصروف ہیں۔ اس صورتحال کے باعث طالبات کے لیے سکول اور کالج جانا مشکل ہو گیا ہے، اور شہری سراپا احتجاج ہیں۔

انتظامیہ کی بے حسی اور ٹریفک وارڈنز کی غفلت پر شہریوں نے ڈپٹی کمشنر قصور، ڈی پی او قصور، اور ڈی ایس پی ٹریفک سے فوری ایکشن لینے کی اپیل کی ہے۔ آیا افسران بالا اس سنگین مسئلے کا کوئی حل نکالیں گے، یہ دیکھنا باقی ہے۔

Shares: