چونیاں میں پیش آنیوالے واقعات قابل قبول نہیں، حکومت نے فوری اقدامات اٹھائے ہیں‘ مسرت چیمہ

0
71

لاہور۔ (اے پی پی) پنجا ب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی چیئر پرسن مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ چونیاں میں پیش آنے والے واقعات کسی طور پر بھی قابل قبول نہیں اور حکومت نے رد عمل کے طو رپر فوری اقدامات اٹھائے ہیں،ایسے گھناؤنے واقعات کے تدارک کیلئے موثر قانون سازی کی ضرور ت ہے، جس پر پہلے ہی کام جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ جیسے ہی ان واقعات کی نشاندہی ہوئی حکومت فوری حرکت میں آئی ہے اور ڈی پی او،ایس پی او ڈی، ایس پی او رایس ایچ او کو معطل کر کے تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی کے قیام کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ماضی میں اس طرح بلا تاخیر اقدامات کی کوئی مثال موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان واقعات میں ملو ث درندے نہ صرف گرفتار ہوں گے بلکہ انہیں قانون کے کٹہرے میں لا کر سپیڈی ٹرائل کے ذریعے عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے گا۔ چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ موجودہ حکومت بچوں اور خواتین کے حقوق اور ایسے گھناؤنے تشدد کے تدارک کیلئے موثر قانون سازی کر رہی ہے اور اس پر عملدرآمد کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ معاشرے کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ اس برائی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر وزیر قانون پنجاب سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے فوری متاثر ہ خاندانوں سے ملاقات کی ہے اور انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور انہیں ہر صورت انصاف ملے گا۔

Leave a reply