سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو)ائیر سیال نے انتہائی کم عرصے میں بڑے سنگ میل عبور کر کے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ سیالکوٹ ایکسپورٹ سٹی ہونے کے ساتھ ساتھ قابل اور باصلاحیت افراد کا شہر بھی ہے۔
یہ باتیں ائیر سیال کے ڈائریکٹر عامر حمید بھٹی نے سینئر صحافیوں سے خصوصی ملاقات میں کہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ائیر سیال کی کامیابی میں چیئرمین، مینجمنٹ اور ڈائریکٹرز کی ٹیم کی محنت اور کارکردگی کا بڑا ہاتھ ہے، جس کی بدولت آج ائیر سیال اپنی بہترین سروس کے لیے فخر کا باعث بن چکا ہے۔
عامر حمید بھٹی نے کہا کہ سیالکوٹ کی ایکسپورٹ مصنوعات کی عالمی مارکیٹس میں مانگ بڑھ رہی ہے، چاہے وہ سرجیکل انسٹرومنٹس ہوں یا کھیلوں کا سامان، لیدر گارمنٹس ہوں یا میوزیکل انسٹرومنٹس، دنیا بھر میں پاکستانی مصنوعات کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے، جو شہر اقبال کے لیے فخر کی بات ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ائیر سیال میں مزید نئے طیارے شامل کرنے کے منصوبے پر کام جاری ہے، جس سے نہ صرف سیالکوٹ بلکہ پاکستان کی فضائی صنعت کو بھی فائدہ پہنچے گا۔