سیالکوٹ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہدریاض) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کہا ہے کہ سیالکوٹ کی مردم خیز مٹی نے اقبال، فیض، ظہیر عباس اور شہناز شیخ جیسے عظیم سپوت پیدا کیے ہیں۔ یہ شہر اپنی تاریخی، جغرافیائی، سیاسی اور معاشی حیثیت کے لحاظ سے ملک میں نمایاں مقام رکھتا ہے اور پاکستان کی معیشت میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
یہ بات انہوں نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن (نیپا) کے زیر اہتمام 42 ویں مڈ کیرئیر مینجمنٹ کورس کے 13 رکنی وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری نیپا سروش اعجاز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایوب بخاری اور اسسٹنٹ کمشنر انعم بابر بھی موجود تھیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی نے نجی شعبے میں بین الاقوامی ایئرپورٹ، انٹرنیشنل ایئرلائن اور ڈرائی پورٹ قائم کر کے اپنی سوشل ریسپانسبلیٹی کا عملی ثبوت دیا ہے۔ اگر سیالکوٹ کی کاٹیج انڈسٹری کا ماڈل ملک کے دیگر شہروں میں اپنایا جائے تو پاکستان کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ممکن ہے۔
سیالکوٹ کی صنعتیں اور معیشت میں کردار
🔹 8 ہزار کے قریب صنعتیں سرجری کے آلات، چمڑے کی مصنوعات، ٹیکسٹائل، کٹلری، زرعی آلات اور کھیلوں کا سامان تیار کر رہی ہیں، جو 100 فیصد برآمد کیا جاتا ہے۔
🔹 سیالکوٹ بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر کے قیام سے اب تک 5 ہزار سے زائد کاروباری افراد کو سہولتیں فراہم کی جا چکی ہیں۔
🔹 حکومت پنجاب اور ایوان صنعت و تجارت کے اشتراک سے سیالکوٹ ٹینری زون قائم کیا جا چکا ہے، جہاں ماحولیاتی معیار کے مطابق چمڑے کی صنعت کو منتقل کیا جا رہا ہے۔
حکومتی منصوبے اور سہولتیں
🔸 کلینک آن وہیل، کسان کارڈ، ہمت کارڈ اور منیارٹی کارڈ جیسے فلاحی پروگرام جاری ہیں۔
🔸 پنجاب اربن لینڈ سسٹم کے تحت رجسٹریشن سنٹر کام کر رہے ہیں، جبکہ صفائی کے نظام کو بھی آؤٹ سورس کیا جا چکا ہے۔
🔸 16 ارب روپے کی لاگت سے واٹر سپلائی، سیوریج اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی بحالی کا کام آخری مراحل میں ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ سیالکوٹ پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور یہاں کی بزنس کمیونٹی ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔