کراچی،باغی ٹی وی (نمائندہ خصوصی ڈاکٹربشیربلوچ) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ایم کیو ایم قیادت کے درمیان پائے جانے والے اختلافات ختم کراتے ہوئے پارٹی رہنماؤں کو ایک ساتھ بٹھا دیا۔

تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ نے بہادرآباد کا دورہ کرکے ایم کیو ایم کی قیادت کے اہم رہنماؤں کو یکجا کیا اور ان کے درمیان اختلافات ختم کرانے میں کامیاب رہے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تمام رہنماؤں کو متحد ہوکر کام کرنا ہوگا۔

کامران ٹیسوری نے واضح کیا کہ خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں مصطفیٰ کمال، فاروق ستار اور دیگر رہنما مل کر پارٹی کی مضبوطی کے لیے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ معمولی اختلافات جمہوریت کا حسن ہیں لیکن کراچی، سندھ اور ملک کے وسیع تر مفاد میں تمام رہنما ایک پیج پر ہیں۔

گورنر سندھ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی اور وفاقی سطح پر کراچی، حیدرآباد اور سندھ بھر میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی، اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

Shares: