پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اپنے سرکاری دورے پر چین پہنچے، جہاں چین کے عظیم عوامی ایوان (گریٹ ہال آف چائنا) میں چین کے صدر شی جن پنگ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
صدر زرداری کے بیجنگ پہنچنے پر چین کی مسلح افواج کے چاک و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس موقع پر پاکستان اور چین کے قومی ترانے بھی بجائے گئے، جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دوستی کی عکاسی کرتے ہیں۔چین کے عظیم عوامی ایوان میں ہونے والی ملاقات میں چین کے صدر شی جن پنگ نے صدر آصف علی زرداری کے ہمراہ اپنے اپنے وفد کا تعارف کرایا۔ چینی بچوں نے بھی صدر آصف علی زرداری کا شاندار انداز میں خیرمقدم کیا اور خوش آمدید کہا، جس سے دونوں ممالک کے عوامی روابط کو مزید فروغ ملا۔اس ملاقات کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان سکیورٹی تعاون اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) منصوبوں کی تیزی سے تکمیل پر بات چیت ہوئی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر وفد ارکان بھی اس اہم ملاقات میں شریک ہوئے۔
صدر آصف علی زرداری اور چین کے صدر شی جن پنگ نے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی عزم کا اظہار کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے لیے نئی حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کیا۔








