سیالکوٹ ،باغی ٹی وی( سٹی رپورٹر مدثر رتو) سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ (SIAL) نے اپنی سماجی ذمہ داریوں کو نبھاتے ہوئے حاجی عاشق حسین مرزا میموریل ہسپتال اینڈ میٹرنٹی ہوم روڑس کے لیے جدید ایکسرے مشین کا عطیہ دیا۔ اس حوالے سے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں معزز شخصیات اور علاقہ مکینوں نے شرکت کی۔
تقریب میں SIAL کے چیئرمین حسن علی بھٹی، سابق چیئرمین محمد افضل شاہین، بیداری کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ارشد محمود مرزا، بیداری کی نائب صدر محترمہ حنا نورین، اقبال گھمن سمیت دیگر معززین نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے SIAL کے چیئرمین حسن علی بھٹی نے کہا کہ سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ نہ صرف معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے بلکہ صحت اور تعلیم کے شعبے میں بھی معاونت فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ عطیہ مقامی آبادی کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا حصہ ہے۔
سابق چیئرمین محمد افضل شاہین نے کہا کہ سیالکوٹ کی کاروباری برادری ہمیشہ سے سماجی ترقی کے لیے کوشاں رہی ہے اور یہ عطیہ اسی جذبے کی ایک مثال ہے۔
بیداری کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ارشد محمود مرزا نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس جدید ایکسرے مشین کی تنصیب سے علاقے کے لوگوں کو بہتر طبی سہولیات میسر آئیں گی، جو صحت عامہ کے معیار کو بلند کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔
تقریب میں موجود معززینِ علاقہ نے SIAL کے اس تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے فلاحی منصوبے جاری رکھے جائیں گے۔ اس عطیے سے علاقے کے مستحق افراد کو جدید اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ممکن ہوگی، جو ایک مثبت پیش رفت ہے۔