لاہور :ڈولفن پولیس اہلکاروں کی مستیاں اور خرمستیاں ، ریس کے شوقین ڈیوٹی سے عاری ، موٹر سائیکل سوار میاں بیوی کو کچل ڈالا ، اطلاعات کے مطابق شادمان میں جیل روڈ پر ریس لگاتے ڈولفن اہلکاروں نے موٹرسائیکل سوار میاں بیوی کو روند ڈالا، حادثے میں زخمی میاں بیوی کو طبی امداد کے لئے سروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیوذرائع کے مطابق کرشن نگر کے رہائشی کشف کے مطابق وہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ قرطبہ چوک سے شادمان کی جانب جا رہے تھے کہ اسی دوران جیل روڑ پر پیچھے سے تیز رفتار ڈولفن اہلکاروں کی بائیک انکی موٹرسائیکل سے ٹکرا گئی، حادثے کے باعث میاں بیوی شدید زخمی ہو گئے ، انیلہ بی بی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ذرائع کے حوالے سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اس حادثے کےمتاثرہ شہری کشف کا کہنا ہے کہ ڈولفن اہلکار ریس لگاتے جارہے تھے اور حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا جبکہ حادثے کی اطلاع پر ایس پی ڈولفن بلال ظفر بھی زخمیوں کی عیادت کے لئے سروسز ہسپتال پہنچ گئے۔
ان منچلے ڈولفن اہلکاروں کی خرمستیوں کے بارے میں ایس پی ڈولفن بلال ظفر کا کہنا تھا کہ سیف سٹی اتھارٹی کےکیمروں کی فوٹیج کی مدد سے ذمہ داران کا تعین کر کے کارروائی کریں گے، حادثہ پر ڈولفن اہلکاروں کیخلاف شادمان پولیس تھانہ میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔