اوچ شریف، باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان )اوچ شریف اور یزمان میں پیش آنے والے مختلف حادثات میں ایک 16 سالہ نامعلوم لڑکے کی لاش برآمد ہوئی، ایک بزرگ جان کی بازی ہار گئے، جبکہ دو افراد زخمی ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق اوچ شریف کے نزدیک قومی شاہراہ ہیڈ پنجند للو والی موری کے قریب ایک 16 سالہ لڑکے کی لاش ملی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق لاش سڑک کے کنارے پڑی ہوئی تھی۔ ریسکیو 1122 کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر لاش کو پولیس کی نگرانی میں رورل ہیلتھ سینٹر (آر ایچ سی) اوچ شریف منتقل کیا۔ پولیس اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
دوسری جانب نبی پور احمد پور روڈ پر دو موٹر سائیکلوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے۔ 30 سالہ نوید احمد اور 50 سالہ عبدالرحمن کو چوٹیں آئیں۔ دونوں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد آر ایچ سی اوچ شریف بھیج دیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
یزمان کے کڈ والا روڈ پر ایک لوڈر رکشہ کا ٹائر پھٹنے سے رکشہ الٹ گیا، جس کے نتیجے میں 74 سالہ بزرگ شیر محمد جان کی بازی ہار گئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے دل اور سانس کی بحالی کی کوشش کی، لیکن وہ کامیاب نہ ہو سکے۔ متوفی کو آر ایچ سی کڈ والا منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کے لواحقین بھی پہنچ گئے۔