مزید دیکھیں

مقبول

ڈی آئی خان:جرگے کا ظالمانہ فیصلہ، کمسن بچی کی ونی پر باپ کی خودکشی،2ملزم گرفتار

ڈی آئی خان(باغی ٹی وی )جرگے کا ظالمانہ فیصلہ، کمسن بچی کی ونی پر باپ کی خودکشی،2ملزم گرفتار

ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک دلخراش واقعے میں، ایک باپ نے اپنی کمسن بیٹی کو غیر قانونی پنچایت کے ظالمانہ فیصلے "ونی” سے بچانے کے لیے اپنی جان قربان کر دی۔ عادل نامی اس شخص نے خودکشی سے قبل اپنے موبائل فون میں ایک وائس نوٹ ریکارڈ کیا، جس میں اس نے پنچایت کے چار ارکان کو اپنی بیٹی کی جبری شادی کا ذمہ دار ٹھہرایا۔

وائس نوٹ میں عادل نے الزام لگایا کہ پنچایت نے زبردستی اس سے اسٹامپ پیپر پر دستخط کروا کر یہ فیصلہ مسلط کیا ہے۔ اس نے اپنی بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی بیٹی کی خاطر اپنی جان قربان کر رہا ہے۔ عادل نے مزید بتایا کہ اس نے اپنی بیٹی کا رشتہ اپنے بھانجے سے طے کر رکھا تھا، لیکن پنچایت نے اس کی بیٹی کو ونی کی سزا اس کے منگیتر کے کسی اور لڑکی سے رابطے کی وجہ سے سنائی۔

پولیس اس سارے معاملے سے لاعلم رہی، اور عادل کے وائس نوٹ کے وائرل ہونے پر حرکت میں آئی۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نامزد تین میں سے دوارکان کو گرفتار کر لیا ہے۔ آئی جی خیبر پختونخوا نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او ڈیرہ اسماعیل خان سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

پولیس نے مزید بتایا کہ انہوں نے مرکزی ملزم غلام فرید اور عرائض نویس کفایت کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ ایس پی گوہر خان نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ متاثرہ بچی کو بحفاظت اس کے ورثاء کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ پولیس گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کر رہی ہے اور واقعے میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی
ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانیhttp://baaghitv.com
ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی 2003ء سے اب تک مختلف قومی اور ریجنل اخبارات میں کالمز لکھنے کے علاوہ اخبارات میں رپورٹنگ اور گروپ ایڈیٹر اور نیوز ایڈیٹرکے طورپر زمہ داریاں سرانجام دے چکے ہیں اس وقت باغی ٹی وی میں بطور انچارج نمائندگان اپنی ذمہ داری سرانجام دے رہے ہیں