لاہور:عقل ٹھکانے آگئی ، پنجاب پولیس چونیاںکے مقتول اور مظلوم بچوں کے قاتلوں کی نشاندہی اور ان تک پہنچنے میںبالکل ناکام ہوگئی ہے ، اس ناکامی کے بعد اب پولیس نے نئے فارمولے آزمانے شروع کردیئے ہیں، چونیاں میں بچوں کے قتل میں ملوث ملزموں کی تلاش اور شناخت کیلئے پہلی بار ووٹرز لسٹوں کا استعمال کیا جائے گا۔
ذرائع کےمطابق اس فارمولے کے تحت ڈی این اے ٹیسٹ، ووٹرز لسٹوں اور مردم شماری فہرستوں کے مطابق ہونگے۔ متاثرہ علاقوں کی ووٹرز اور مردم شماری فہرستیں پولیس کو موصول ہو چکی ہیں۔پولیس نے آسانی کیلئے دستیاب ووٹرز لسٹوں کو وارڈز میں تقسیم کر دیا ہے۔ ابھی تک 40 سے زائد افراد کے ڈی این اے ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔ متعلقہ علاقے کے بھی ہر شہری کا ڈی این اے ٹیسٹ کیا جائے گا۔
اس نئے فارمولے کے مطابق اس کے علاقہ ریکارڈ یافتہ مجرم بھی دائرہ تفتیش میں شامل ہوں گے۔ علاقے میں بد کردار لوگوں کی بھی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ سابقہ مجرموں اور برے کردار والوں کی تلاش کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔سرچ ٹیم میں ہیڈ کانسٹیبلز، کانسٹیبلز اور لیڈی کانسٹیبلز شامل ہیں۔ برے کردار والوں کی تلاش کیلئے ریٹائرڈ پولیس ملازمین کی خدمات بھی لے لی گئی ہیں۔