پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے مالی کرپشن اور اپنے عہدے کا ناجائز استعمال کرنے پر اپنے دو ملازمین کو برطرف کر دیا ہے۔
یہ اقدام اس وقت کیا گیا جب ایک شہری، شاہد اقبال نے پیمرا کے خلاف شکایت درج کرائی تھی۔ شکایت میں کہا گیا تھا کہ ان دونوں ملازمین نے وزارت خارجہ میں نوکری دلانے کے لیے اس سے پیسے لیے تھے۔ شکایت کی تفتیش کے بعد پیمرا نے دونوں ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے انہیں برطرف کر دیا۔برطرف ہونے والے ملازمین میں قاسم عباس شامل ہیں، جو کہ سابقہ ڈپٹی ڈائریکٹر پیمرا ریجنل آفس گوجرانوالہ میں کام کرتے تھے، جبکہ مجاہد عباس سابقہ جونیئر اسسٹنٹ تھے جو کہ پیمرا ریجنل آفس ملتان میں تعینات تھے۔
پیمرا کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں مزید کہا گیا کہ ان دونوں ملازمین نے نہ صرف ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچایا بلکہ سوشل میڈیا پر بھی پیمرا کے خلاف ہرزہ سرائی کی تھی۔ ان دونوں کے خلاف کی گئی کارروائی ادارے کی پالیسیوں اور اصولوں کے مطابق تھی اور اس کا مقصد ادارے کی شفافیت اور دیانتداری کو یقینی بنانا ہے۔پیمرا نے اس بات کا عزم کیا ہے کہ ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جو ادارے کے وقار کو نقصان پہنچاتے ہیں اور عوامی اعتماد کو متاثر کرتے ہیں۔