ننکانہ صاحب ،باغی ٹی وی (نامہ نگار احسان اللہ ایاز) بیساکھی میلے کی خوشی میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گوردوارہ جنم استھان میں شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا، جس نے آسمان پر رنگ و نور کی دلکش چھاپ چھوڑ دی۔ یہ آتشبازی تقریباً 10 منٹ تک جاری رہی، جسے شہریوں اور سکھ یاتریوں نے خوب سراہا۔

آتشبازی کی اس خوبصورت تقریب میں وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر شذرہ منصب علی خان کھرل، صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ، صوبائی سیکرٹریز، ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ، ممبران اسمبلی اور دیگر ضلعی افسران سمیت سکھ برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

بیساکھی میلے کی مرکزی تقریب کا باقاعدہ آغاز 14 اپریل کی صبح 9 بجے گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں ہوگا، جس میں وفاقی اور صوبائی وزراء شرکت کریں گے۔ اس موقع پر آسٹریلیا، برطانیہ، امریکہ، کینیڈا، بھارت اور دیگر ممالک سے ہزاروں سکھ یاتری ننکانہ صاحب پہنچ چکے ہیں، جو مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ رسومات ادا کر رہے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بیساکھی میلے کے موقع پر صفائی ستھرائی، فول پروف سیکیورٹی، طبی سہولیات اور قیام و طعام کے مثالی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ یاتریوں کو کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ ہو۔ مہمان نوازی کے ان انتظامات کو سکھ یاتریوں نے سراہا اور کہا کہ پاکستانی بھائیوں کی محبت، خلوص اور مہمان نوازی زندگی بھر یاد رہے گی۔

سکھ یاتریوں کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک پرامن اور محبت کرنے والا ملک ہے، اور وہ یہاں سے امن، رواداری اور بھائی چارے کا پیغام لے کر جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی مسلمان بھائیوں نے ہمیں جو عزت، محبت اور احترام دیا، وہ ناقابلِ فراموش ہے۔ سکھ برادری نے بابا گورونانک کے امن، محبت اور بھائی چارے کے پیغام کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

ضلعی انتظامیہ نے بیساکھی میلے کے تمام انتظامات میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور سکھ یاتریوں کو بھرپور تحفظ، سہولت اور احترام فراہم کیا، جس کے باعث سکھ یاتری پاکستان کو اپنا دوسرا گھر قرار دیتے ہیں۔

Shares:








