لاہور۔(اے پی پی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ بے لاگ احتساب موجودہ حکومت کا بنیادی ستون ہے اور اب طے ہو گیا ہے کہ پاکستان اور کرپشن ایک ساتھ نہیں چل سکتے، ملک اس وقت اندورونی اور بیرونی طور پر گھمبیر مسائل سے دوچار ہے لیکن اپوزیشن کی سیاست صرف اپنی کرپشن بچانے کے گرد گھوم رہی ہے، عالمی ادارے تسلیم کر رہے ہیں کہ پاکستان نے مشکل فیصلوں کے ذریعے معیشت کو درست سمت میں گامزن کیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں حلقہ این اے 131سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنماؤں اورکارکنوں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لئے ڈالر کو مصنوعی طریقے سے قابو میں رکھا گیا جس کا خمیازہ آج قوم بھگت رہی ہے۔ حکومت کی جانب سے بہتری کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کی سائیکل چلے گی اور آنے والے سالوں میں ہم مرحلہ وار مشکلات سے آسودگی اور خوشحالی کی طرف جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کیا اپوزیشن کا کردار صرف اپنی کرپٹ لیڈر اور ان کی کرپشن کا دفاع کرنا ہے، آج پاکستان اندرونی اور بیرونی طور پر گھمبیر مسائل سے دوچار ہے اور عوام سب کے کردار پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومتوں کے پیدا کردہ مسائل کینسر کی صورت اختیار کر چکے ہیں لیکن وزیر اعظم عمران خان اور ان کی ٹیم ہرگز مایوس نہیں اور ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے نبرد آزما ہے۔ حکومت عوام کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور اسی تناظر میں 217ارب سے اساس پروگرام اور اس طرز کے دیگر منصوبے شروع کیے گئے، غریب طبقات کو بجلی کی قیمتوں کے اثرات سے بچانے کے لیے اربوں روپے کی سبسڈی دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے بغض میں ملک کو مشکلات سے دوچار کرنے کی سازشیں کرنے والے نامراد رہیں گے۔ مولانا فضل الرحمان اپنے آزادی مارچ کو کشمیر آزادی مارچ کا نام دیں ہم سب اس میں شریک ہوں گے اور ایک بات واضح ہے کہ اب اس ملک کو کرپشن سے بھی آزادی نصیب ہو گی۔

Shares: