زندگی میں ہر انسان کی ترجیحات مختلف ہوتی ہیں۔ کوئی شہرت چاہتا ہے، کوئی دولت، کوئی کامیابی کے پیچھے دوڑتا ہے اور کوئی رشتوں کو اہمیت دیتا ہے۔ لیکن ان تمام ترجیحات میں ایک چیز اکثر نظر انداز ہو جاتی ہے ، دل۔ہم اکثر ان لوگوں کی قدر تب کرتے ہیں جب وہ ہمارے ساتھ نہیں ہوتے۔ وہ لوگ جو دن رات ہمیں خوش کرنے کی کوشش کرتے ہیں، ہماری چھوٹی چھوٹی باتوں کا خیال رکھتے ہیں، ہمارے لیے اپنے جذبات کو قربان کر دیتے ہیں، ہم انہیں معمولی سمجھ لیتے ہیں۔ ان کے خلوص کو، ان کے پیار کو، ان کی توجہ کو ہم کبھی مکمل طور پر محسوس ہی نہیں کرتے۔لیکن وقت جب ہاتھ سے نکل جاتا ہے، تب ہمیں احساس ہوتا ہے کہ "کچھ دل کبھی دوبارہ نہیں ملتے”
دل جو خاموشی سے محبت کرتا ہے،ایسے دل نہ تو واویلا کرتے ہیں، نہ ہی محبت کے لیے مطالبہ کرتے ہیں۔ یہ دل صرف چاہتے ہیں کہ انہیں سمجھا جائے۔ ان کی بے آواز چیخوں کو سنا جائے، ان کی خاموش قربانیوں کو پہچانا جائے۔ مگر اکثر ایسا ہوتا ہے کہ ہم اُن دلوں کو کھو دیتے ہیں، جو ہمارے لیے سب کچھ کرنے کو تیار ہوتے ہیں۔جب ایک طرف سے محبت ہو، اور دوسری طرف صرف بے نیازی، تو ایک وقت آتا ہے جب وہ مخلص دل بھی تھک کر خاموش ہو جاتا ہے۔ وہ جو کبھی تمہیں خوش کرنے کے لیے ہر حد پار کرتا تھا، وہ ایک دن خاموش ہو کر دور ہو جاتا ہے۔ اور یہی وہ لمحہ ہوتا ہے جب دل ٹوٹتے ہیں ، نہ صرف ایک، بلکہ دونوں طرف کے۔
اگر ہم وقت پر آنکھیں کھولیں، اگر ہم اُن لوگوں کی قدر کریں جو بے غرض محبت کرتے ہیں، تو ہم بہت کچھ بچا سکتے ہیں۔ ہم اُن دلوں کو سنبھال سکتے ہیں جو شاید وقت کے ساتھ تھکنے لگے ہیں۔محبت کرنے والے دل بہت نایاب ہوتے ہیں۔ جس دل نے آپ کے لیے بہت کچھ کیا ہے، جس نے ہر بار آپ کی خوشی کو اپنی خوشی سمجھا ہے، اُسے کبھی نہ کھوئیں۔ کیونکہ جب وہ دل چلا جاتا ہے تو نہ وقت واپس آتا ہے، نہ وہ خلوص، نہ وہ جذبہ،جو چاہو کھو دو، مگر کبھی اس دل کو مت کھونا۔۔۔ کیونکہ کچھ دل واقعی کبھی دوبارہ نہیں ملتے۔