کشمور میں انسانی المیہ، ڈاکو گینگز کا راج اور پولیس کی بے حسی، عوام پریشان
تحریر: منصور بلوچ، پریس کلب تنگوانی
ضلع کشمور میں اس وقت امن و امان کی انتہائی خراب صورتحال دیکھنے میں آ رہی ہے، جہاں عام زندگی مفلوج اور عذاب بن گئی ہے اور علاقے کا امن و امان تباہ ہو گیا ہے۔
ضلع کشمور میں کئی طاقتور ڈاکو گینگز موجود ہیں لیکن یہاں ہم تحصیل تنگوانی کے ڈاکو گینگز کی بات کریں گے۔
طاقتور ڈاکو گینگز کے ہاتھوں علاقے کی عوام یرغمال بنی ہوئی ہے، جن میں خاص طور پر بھلکانی گینگ، بھیہ گینگ، کوکاری گینگ، جعفری گینگ، بنگلانی گینگ اور بہت سارے چھوٹے بڑے گروہ شامل ہیں۔ ان گروہوں نے خاص طور پر تحصیل تنگوانی کے امن و امان کو تباہ کر دیا ہے۔
یہ ڈاکو گینگز بغیر کسی خوف کے دن دہاڑے اور رات کو سڑکوں، دیہاتوں اور بستیوں پر چوری، رہزنی اور ڈاکہ زنی کرتے ہیں۔ یہ خاص طور پر اغوا برائے تاوان میں ملوث ہیں اور کئی وارداتوں میں مفرور ہیں۔
یہ ڈاکو ہائی ویز اور لنک روڈز پر روزانہ سرعام پولیس کے سامنے ڈاکہ ڈال کر فرار ہو جاتے ہیں۔ انہیں کوئی روکنے والا نہیں ہے۔ ان گینگز کی دہشت گردی اور ظلم کی وجہ سے مقامی لوگ مسلسل خوف و ہراس میں مبتلا ہیں۔بچے سکول جانے سے خوفزدہ ہیں، اساتذہ عدم تحفظ کا شکار ہیں جبکہ کاروباری طبقہ کاروبار کرنے سے ڈر رہا ہے۔ مزدور اور محنت کش طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہو گیا ہے۔ ان سب کی زندگی مفلوج ہو گئی ہے۔
سب سے افسوسناک صورتحال یہ ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے خصوصاً پولیس اور رینجرز، کہیں نظر نہیں آتے۔پولیس کا کردار انتہائی مشکوک دکھائی دیتا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ پولیس ان طاقتور گینگز کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام ہے یا اس کی صلاحیت ہی موجود نہیں ہے۔نتیجتاً گینگز کے ملزم ڈاکو بہت خوفناک ہو چکے ہیں اور پولیس نے عوام کو اکیلا چھوڑ دیا ہے۔ عوام خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہی ہے۔
کیا کشمور کے عوام پاکستان کے شہری نہیں ہیں؟ کیا ان لوگوں کو پرامن زندگی گزارنے کا حق حاصل نہیں ہے؟
اس وقت تنگوانی کے کتنے ہی گھر اُجڑ چکے ہیں، کتنے ہی افراد اپنے پیاروں سے بچھڑ چکے ہیں یا قتل ہو چکے ہیں۔ کتنے ہی افراد اغوا ہو چکے ہیں جن کی بازیابی کے لیے ریاست کی کوئی رٹ موجود نہیں ہے۔
ہم سندھ حکومت، وفاقی حکومت اور اعلیٰ حکام سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ خدارا کشمور ضلع کی عوام پر رحم کریں اور فوری طور پر بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن کیا جائے۔ ڈاکو گینگز کا خاتمہ کیا جائے۔پولیس فورس کو مزید مضبوط اور بااختیار بنایا جائے، پولیس کو جوابدہ بنایا جائے تاکہ پولیس اپنی ذمہ داریاں صحیح طریقے سے ادا کرے۔
کشمور کی عوام اس عذاب سے نجات چاہتی ہے، امن و امان چاہتی ہے پر سکون زندگی گزارنا چاہتی ہے اور ڈاکو گینگز اور دہشت گردی کے عذاب سے آزادی حاصل کرنا چاہتی ہے۔کوئی ہے جو عوام کو ڈاکوؤں سے آزادی اور تحفظ دلائے؟؟؟