مولانا ناکام ہونگے ،حکومت ہر طرح کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہے، میاں محمود الرشید

لاہور۔(اے پی پی)صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ مولانافضل الرحمن کا لاک ڈاؤن ناکام ہو گا کیونکہ وہ اور ان کی سیاست الگ تھلگ ہو گئی ہے، مولانا فضل الرحمن اپنے حلقے میں ہار گئے اور کے پی کے میں دو تہائی اکثریت سے پی ٹی آئی اکثریت میں آئی، مولانا فضل الرحمن اپنی بچی کچی سیاست کو بچانے کیلئے ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں،حکومت لاک ڈاؤن سمیت ہر طرح کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شجر کاری مہم کے تحت علامہ اقبال ٹاؤن لاہور میں پودا لگانے کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی کلین گرین کی مہم کے سلسلے میں ملک میں کروڑوں درخت لگائے جارہے ہیں جس میں ہر مکتبہ فکر کے لوگ بھرپور شرکت کررہے ہیں اور اس مہم کے تحت اگلے دو سے تین سالوں میں ماحولیاتی تبدیلی ضرور آئے گی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر پی ایچ اے جاوید حامد، ڈپٹی ڈائریکٹر ظہیر الحسن‘ وی سی پی ایچ اے حافظ ذیشان رشید،چیئرمین سنابل الخیر حافظ شفیق نے بھی پودے لگائے۔ انہوں نے کہا کہ شجر کاری مہم کے تحت علامہ اقبال ٹاؤن میں تین ہزار پودے لگائے جائیں گے۔صوبائی وزیر ہاؤسنگ نے کہا کہ شجر کاری مہم کو فروغ دینے کے لیے پرائیویٹ سیکٹرز بھی حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور جمعیتہ سنابل الخیر کی جانب سے علامہ اقبال ٹاؤن میں شجرکاری مہم کا آغاز اس سلسلہ کی کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر دو ماہ بعد شوشہ چھوڑا جاتاہے کہ عثمان بزدار کو تبدیل کیاجارہاہے، عمران خان نے دو ٹوک کہہ دیا عثمان بزدار کہیں نہیں جارہے ہم سب مل کر کام کریں گے، اب عثمان بزدار کی تبدیلی کے پروپیگنڈے کو دم توڑ دینا چاہئے جن لوگوں پر کیسز ہیں ان کے خلاف قانون حرکت میں آرہا ہے‘ نیب سمیت تمام اداروں کو آزاد کر دیا ہے ان پر کسی قسم کا دباؤ نہیں، کرپشن کرنے والوں کو گرفتار کیاجائیگا۔انہوں نے کہا کہ عبد العلیم خان اور سبطین خان بھی گرفتار ہوئے حالانکہ یہ دونوں حکومت کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پروڈکشن آرڈر کا جاری ہونا ہر اسمبلی اجلاس میں ضروری نہیں ہے،پروڈکشن آرڈر کاماضی میں اور اب بھی غیر ضروری استعمال کیاگیا۔

Comments are closed.