دل تو یہی کرتا ہے کہ بھارتی وزیرخارجہ سے ملاقات نہ کروں، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے دل کی بات کہہ دی
واشنگٹن:پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نےدل کی بات کرتے ہوئے کہا ہےکہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی وجہ سے ں بھارتی ہم منصب سے ملنے کو دل نہیں کرتا ،پاکستان کشمیر کے مسئلے کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کر چکا ہے جبکہ مسئلہ کشمیر سیکیورٹی کونسل اور ہیومن رائٹس میں بھی زیر بحث آچکا ہے۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسلامی ممالک کی تنظیم (او آئی سی) مسئلہ کشمیر پر اپنا مؤقف لے چکی ہے۔ اب دنیا کو مسئلہ کشمیر بتانا ہے۔ کیا مقبوضہ کشمیر میں جو کچھ ہو رہا ہے اس پر دنیا خاموش رہے گی۔ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 48 دن ہو چکے ہیں اور معمولات زندگی مفلوج ہے۔ ہندوستان اپنی ہٹ دھرمی کی وجہ سے خطے کے معاملات کو عدم استحکام کا شکار کر رہا ہے۔
وزیر اعظم اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران مختلف ممالک کے سربراہان سے ملاقاتوں کے بارے میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم ضرور ملاقات کرتے کشمیر یوں کا مقدمہ پیش کریں گے، اس کے علاوہ تھنک ٹینکس کے ساتھ بھی ان کی ملاقاتیں ہوں گی، یہاں کے دو معروف تھینک ٹینکس ایشیا سوسائٹی اور کونسل فار فارن ریلیشنز سے بھی وزیراعظم ملیں گے اور تبادلہ خیال کریں گے۔