مسئلہ کشمیر حل طلب،پانی پر جنگ ہوئی توقوم تیار،اہل غزہ کی مدد کی ضرورت ہے،خالد مسعود سندھو،قاری یعقوب شیخ

پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں نماز عید الاضحیٰ کے اجتماعات منعقد ہوئے،نماز عید کی ادائیگی کے بعد وطن عزیز پاکستان کی سلامتی، کشمیری وفلسطینی مظلوم مسلمانوں کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں،لاہور میں نماز عید کا سب سےبڑا اجتماع قذافی سٹیڈیم میں ہوا،اسلام آباد،کراچی،ملتان،پشاور،کوئٹہ،فیصل آباد، بہاولپور،راولپنڈی،مردان،سوات، لاڑکانہ،سکھر،حیدرآباد،سیالکوٹ،قصور،شیخوپورہ،گوجرانوالہ،جہلم،میانوالی،رحیم یارخان سمیت دیگر شہروں میں نماز عید کے اجتماعات میں ہزاروں افراد شریک ہوئے اور نماز عید ادا کی

مرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں صدر خالد مسعود سندھو، جوائنٹ سیکرٹری قاری محمد یعقوب شیخ،ڈپٹی سیکرٹری جنرل حافظ خالد نیک،انجینئر حارث ڈار،مرکزی ترجمان تابش قیوم،محمد سرور چوہدری،شیخ محمد فیاض،فیصل ندیم،عارف اللہ خٹک و دیگر نے مختلف شہروں میں عید کے اجتماعات و بعد ازاں کارکنان سے عید ملن پارٹی کے موقع پر گفتگو کی،خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ "آپریشن بنیان مرصوص” کی کامیابی دشمن کے خلاف پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، اگر بھارت نے آبی جارحیت کی کوشش کی تو پوری قوم اس کے خلاف ایک سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہوگی، پاکستان اپنے دریا خشک نہیں ہونے دے گا، اور اگر پانی پر جنگ مسلط کی گئی تو قوم ہر قربانی کے لیے تیار ہے،مرکزی مسلم لیگ کا ہر کارکن عوام میں شعور بیدار کرے، کیونکہ پاکستان کی حفاظت صرف افواج پاکستان نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے،نوجوان سوشل میڈیا کے ذریعے پاکستان مخالف پراپیگنڈے کا مؤثر جواب دیں،

مرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں قاری محمد یعقوب شیخ، حافظ خالد نیک،انجینئر حارث ڈار، تابش قیوم،محمد سرور چوہدری،شیخ محمد فیاض،فیصل ندیم،عارف اللہ خٹک و دیگر کا کہنا تھا کہ سات دہائیوں سے مسئلہ کشمیر حل طلب ہے اورہم ہرتقریر میں کشمیر کی بات کرتے ہیں ،وہاں آج بھی خون بہہ رہا ہے۔عید کے ایام میں کرفیو نافذ اور مساجد و عید گاہیں بند تھیں،غزہ میں بھی یہی صورتحال ہے، اہل غزہ پر اسرائیلی بربریت عید کے ایام میں بھی جاری رہی، کشمیری مسلمان اپنے سینوں پر گولیاں کھانے کے باوجودپاکستانی پرچم لہرا رہے ہیں اور الحاق پاکستان کے نعرے بلند کر رہے ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان بھی اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے دوٹوک و اصولی موقف پر کاربند رہے اور کسی قسم کے بیرونی دباؤ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے کشمیریوں کے جذبات کی صحیح معنوں میں ترجمانی کی جائے۔

Shares: