القدس کا دفاع انسانی اقدار، انصاف اور امن کا دفاع، اردگان
ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے کہاہے کہ دنیا کی کوئی طاقت ہمیں فلسطین اور القدس کے حقوق کے تحفظ سے نہیں روک سکتی۔
ترک صدر نے ان خیالات کا اظہار ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
نیتن یاھو فلسطینی اراضی کی قیمت پرانتخابات جیتنا چاہتے ہیں، ترکی
اردگان نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ”ہم فلسطین اور مقبوضہ بیت المقدس کے حقوق کے تحفظ کے لیے کسی کی دھمکی اور دھونس کی کوئی پرواہ نہیں کریں گے۔“
اردگان کے مطابق القدس کا مسئلہ ترکی کے لیے ایک سرخ لکیر ہے۔ القدس کا دفاع انسانی اقدار ، انصاف اور امن کا دفاع ہے۔
ترک صدر نے مزید کہاکہ جس طرح ہم یہودیوں کے خلاف نازی نسل کشی کو دیکھتے تھے، اب ہم غزہ میں ہونے والے قتل عام کو بھی اسی تناظر سے دیکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ ترکی کے وزیرخارجہ اوگلو نے جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم ‘او آئی سی’ کے وزراءخارجہ کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وادی اردن کو اسرائیل میں ضم کرنے کا وعدہ کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں۔ اسرائیل کی اس طرح کی تمام کوششیں غیرآئینی ،ناقابل قبول ہیں اور حقائق کو تبدیل کرتے ہوئے مرضی کا اسٹیٹس کو مسلط کرنے کی کوشش ہے۔