کوئٹہ، ایف سی ہیڈ کوارٹر پر دہشت گردوں کا حملہ سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔ کوئٹہ میں بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کی جانب سے کیے گئے خودکش حملے میں خودکش حملہ آور کے علاوہ 5 دہشت گرد جہنم واصل ہو گئے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دھماکے میں 2 ایف سی جوان بھی زخمی ہوئے جبکہ تمام دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے ہیں،سیکیورٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ حملہ آور ایف سی کی وردی میں ملبوس تھے جو سب مارے گئے ہیں۔پاکستان کی بہادر فورسز نے ایک بار پھر دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔
پولیس کے مطابق کوئٹہ میں زرغون روڈ پر دھماکے کے نتیجے میں 8 افراد شہید جن میں فرنٹیئر کور کے 3 اہلکار بھی شامل ہیں۔
قومی وطن پارٹی کے چئرمین آفتاب خان شیر پاؤ کا کہنا ہے کہ کوئٹہ ایف سی ہیڈکواٹر دھماکہ اور فائرنگ کے نتیجہ میں کئی افراد کی ہلاکت اور درجنوں کے زخمی ہونے کی خبر نہایت ہولناک ہے۔ میری تمام ہمدردیاں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ دہشتگردی کے واقعات ایک تسلسل سے جاری ہیں، جو کہ روزمرہ زندگی اور معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہی ہے۔ میں بارہا اس امر کا اعادہ کرچکا ہوں کہ شدت پسندی کی بیخ کنی صرف اور صرف نیشنل ایکشن پلان پر من و عن عمل کرنے میں ہی پنہاں ہے۔