پشاور۔(اے پی پی)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بنوں یاسر آفریدی نے کہا ہے کہ معاشرے سے جرائم اور منشیات کے خاتمے کیلئے عوام اور مشران علاقہ کا تعاون انتہائی ضروری قراردیا۔ مشران اور عوام کے بغیر جرائم پر کنٹرول ممکن نہیں بنوں کے عوام نے ہمیشہ امن کیلئے قربانیاں دی ہیں اور پولیس کے ساتھ تعاون کیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق تحصیل ناظم بنوں ملک احسان اللہ خان کو پولیس کے ساتھ بہترین تعاؤن کرنے پر تعریفی سند دیتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس امن برقرار رکھنے کیلئے اپنی ذمہ داریاں نبھا رہی ہے تاہم عوامی تعاؤن کے بغیر امن برقرار رکھنا ممکن نہیں امن کیلئے عوام اور پولیس کا ایک دوسرے کے ساتھ تعاؤن لازم وملزوم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق تحصیل ناظم انجینئر ملک احسان اللہ خان سمیت بنوں کے تمام مشران،تاجر برادری،صحافیوں اور عوام کامشکور ہوں جنہوں نے ہر مشکل وقت میں منشیات کے خاتمے اور امن کیلئے پولیس کے ساتھ تعاون کیا ہے اور انشا اللہ عوام تسلی رکھیں کہ بنوں پولیس بنوں کے عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت تیار ہے اور عوام کے تحفظ کیلئے پولیس کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کریگی۔

عوام کے حقو ق کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے‘یاسر آفریدی
Shares: