کراچی: پاکستان نے سری لنکا کو دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں 67 رنز سے شکست دے دی ، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ون ڈے کراچی میں کھیلا گیا، پاکستان نے سری لنکا کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ، پاکستان نے پہلی اننگز میں مقررہ 50 اوورز میں 305 رنز بنائے ،
پاکستان کی اننگز کا آغاز فخر زمان اور امام الحق نے کیا، اور 73 رنز کی شراکت داری قائم کی ، اس کے بعد امام الحق 31 رنز ڈی سلوا کا شکار ہو گئے، فخر زمان پاکستان میں اپنے پہلے ون دے میچ کو 54 رنز کی اننگز سے یادگار بنا لیا ، لیکن میچ کی پہلی اننگز کی سرخی پاکستان کرکٹ ٹیم کی رن مشین بابر اعظم ثابت ہوئے جنہوں نے 105 گیندوں پر 4 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 115 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور کیریر کی گیارھویں سینچری اسکور کی ، حارث سہیل نے 40 اور افتحار احمد نے 32 رنز کی اننگز کھیلی، سری لنکا کی جانب سے ڈی سلوا نے دو جبکہ لاہیرو کمارا اور ادانا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ،
جواب میں سری لنکن ٹیم 305 رنز کے تعاقب میں 238 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی ، سری لنکن ٹیم کے پہلے پانچ کھلاڑی 28 رنز کے مجموعے پر پویلین لوٹ چکے تھے، اس کے بعد شیہان جے سوریا اور داسن شانکا نے 177 رنز کی شاندار اننگز شراکت داری قائم کی، اور پاکستان کی بولنگ لائن کی کمزوریوں کو کھول دیا ، ، سری لنکا کی جانب سے شیہان جے سوریا نے 95 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی اور داسن شانکا نے 68 رنز بنا کر جے سوریا کا بھرپور ساتھ دیا، لیکن ان دونوں بلے بازوں کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی سری لنکن کھلاڑی جم کر کھیل نہ سکا، پھر عثمان خان شنواری نے جے سوریا کو آؤٹ کرکے ٹیم کو کم بیک کروایا اور سری لنکن ٹیم 238 رنز کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئی،
پاکستان کی جانب سے عثمان خان شنواری نے 10 اوورز میں 51 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، شاداب خان نے دو جبکہ محمد عامر، عماد وسیم اور وہاب ریاض نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، شاندار باؤلنگ اسپیل کی بدولت عثمان شنواری کو میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا ،

عثمان شنواری اور بابر اعظم نے فتح پاکستان کی جھولی میں ڈال دی
Shares: