ہری پور۔ (اے پی پی) تحریک انصاف کے سینئر رہنما سابق صوبائی وزیر یوسف ایوب خان نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان، صوبائی وزیر اکبر ایوب خان اور چیئرمین ڈیڈک ارشد ایوب خان دیہی علاقوں کی تعمیر و ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہیں، اس وقت بجلی، گیس اور سڑکوں کی تعمیر سمیت دیگر اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ وہ ہری پور کے حلقہ پی کے 41- خان پور کے علاقہ پدنی میں جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔ قبل ازیں چیئرمین ڈیڈک رکن صوبائی اسمبلی ارشد ایوب خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ یوسف ایو ب خان نے کہا کہ وفاقی وزیر توانائی، پٹرولیم و قدرتی وسائل عمر ایوب خان اور صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات اکبر ایوب خان دونوں سرکاری مصروفیات کے باعث جلسہ میں شرکت نہیں کر سکے۔ عمر ایوب خان کی جانب سے مذکورہ حلقہ میں ترقیاتی کاموں کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پدنی، پنڈ منیم، بانڈی منیم، کتبہ اور بریلہ میں سوئی گیس منصوبہ کی فراہمی کا کام جاری ہے، ان علاقوں کے ہر گھر تک گیس فراہم کی جائے گی جس سے علاقہ مکینوں خصوصاً خواتین کی ایک بہت بڑی مشکل حل ہو گی، اسی طرح بجلی کے شعبہ میں اس حلقہ کیلئے خان پور میں 50 کروڑ روپے کی لاگت سے 132 کے وی اے کے گرڈ سٹیشن کا کام شروع ہے جبکہ حطار کیلئے 9 ارب روپے کی خطیر رقم سے سب سے بڑے گرڈ سٹیشن کی منظوری ہو چکی ہے، ان منصوبوں کی تکمیل کے بعد آئندہ 50 سالوں کیلئے وولٹیج کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔ اسی طرح 60 کروڑ روپے کے مزید فنڈز کی منظوری سے خان پور سڑک کے دونوں اطراف باقی ماندہ کام مکمل کیا جا رہا ہے، اس طرح صوبائی وزیر مواصلات اکبر ایوب خان دیگر منصوبوں کے ساتھ ساتھ سڑکوں کی تعمیر کے میگا پراجیکٹس پر کام کر رہے ہیں، دو ارب 80 کروڑ روپے کی لاگت سے دو رویہ حطار سڑک، دو ارب 40 کروڑ سے لورہ چوک تا کھوہالہ سڑک کے تعمیراتی کام پر تیزی سے کام جاری ہے، ترناوہ سے کھوہالہ تک 34 کلومیٹر سڑک پر دو ارب 30 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ علاوہ ازیں اندورن گاؤں اور رابطہ سڑکوں کی تعمیر کے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے تیزی سے جاری ہیں اور ان منصوبہ جات کی تکمیل سے حلقہ میں بڑی تبدیلی آئے گی اور لوگوں کا معیار زندگی بلند ہو گا۔

Shares: