راولپنڈی ۔ (اے پی پی) محکمہ زراعت پنجاب نے تیلدار اجناس کی کاشت کے فروغ اور پیداواری اہداف کے حصول کے لیے 32کروڑ روپے کی رقم مختص کی ہے۔ سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید نے تیلدار فصلات کی کاشت کے فروغ کے سلسلہ میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات پورا کرنے کیلئے زراعت کے شعبہ کو جدید خطوط پر استوار کرنا از حد ضروری ہے، ملکی خوردنی تیل کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ہر سال کثیر زرمبادلہ خرچ کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تیلدار اجناس خصوصاً سورج مکھی، کینولہ اور تل کی پیداوار میں اضافہ کیلئے جامع حکمت عملی تیار کرلی ہے تاکہ تیلدار اجناس کے زیر کاشت رقبہ اور پیداوار میں اضافہ کیا جاسکے۔ اس مقصد کے حصول کیلئے حکومت پنجاب کی طرف سے 5 سال کے منصوبہ پر 3 ارب 7 کروڑ روپے خرچ کیے جارہے ہیں۔ سال 2019-20 میں پیداواری اہداف حاصل کرنے کیلئے 32 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم مختص کی گئی ہے۔ اس پروگرام کے تحت پنجاب حکومت نے تیلدار اجناس کے فروغ کیلئے زرعی مشینری و آلات پر 50 فیصد جبکہ سورج مکھی، کینولہ اور تل کی کاشت پر 5 ہزار روپے فی ایکڑ سبسڈی دی جارہی ہے۔ سیکرٹری زراعت نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب پوٹھوار کو زیتون کی وادی بنانے کیلئے چکوال، جہلم، اٹک، راولپنڈی اور خوشاب کے اضلاع میں زیتون کی کاشت کے فروغ کیلئے 20 لاکھ پودے مفت فراہم کررہی ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے بھی خوردنی تیل کی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔

Shares: