قصور۔(اے پی پی)تحریک انصاف کی حکومت پاکستان کو درست سمت میں لے جارہی ہے اور ہماری جدوجہد پاکستان کوسدھارنے اورعوام کو خوشحال کرنے کی ہے اورہمارا ہرقدم وطن عزیزکی بہتری کیلئے اُٹھ رہاہے‘ تحریک انصاف نے کبھی ذاتی مفادات کی سیاست نہیں کی اورنہ کبھی آئندہ کرینگے‘ہمیشہ قومی مفادات کو مقدم رکھاہے۔ان خیالات کا اظہارصوبائی وزیر مواصلات سردارآصف نکئی نے اپنے ڈیرہ پر میڈیاکے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت پاکستان کی سیاسی تاریخ کی شفاف ترین حکومت ہے اورہماری حکومت کی شفافیت کا اعتراف ہر سطح پرکیاجارہاہے‘تبدیلی سے خوفزدہ عناصر حکومت کیخلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ کررہے ہیں‘ قومی خزانے کو لوٹنے والے عناصر قوم کے مجرم ہیں‘ماضی کی لوٹ مار کا دورکبھی واپس نہیں آئیگا تاہم 70سال کے دوران پیداہونیوالی خرابیاں دور کرنے میں وقت لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے درست اقدامات جلدملک کی تقدیربدل دینگے‘وزیراعظم عمران خاں کی قیادت میں ملک ترقی و خوشحالی کی راہوں پر گامزن ہوچکاہے۔

Shares: