عید الضحیٰ کے موقع پر 7 روزہ تعطیلات کا اعلان کردیا گیا

ریاض : عید الضحیٰ کے موقع پر 7 روزہ تعطیلات کا اعلان کردیا گیا ،اطلاعات کے مطابق سعودی حکام نے بینکوں اور ترسیلات زر کے اداروں میں عید الضحیٰ کی تعطیلات کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں عید الضحیٰ کی تعطیلات منگل 7 ذوالحجہ 1441ھ 28 جولائی کو ڈیوٹی مکمل کرکے شروع ہوگی اور بدھ 5 اگست سے دفاتر کھلیں گے۔

سعودی مانیٹری اتھارٹی نے بینکوں اور ترسیلات زر کے اداروں سے متعلق عید الضحیٰ کی تعطیلات کے بارے میں بتایا کہ مذکورہ اداروں میں عید کی چھٹی 7 دن ہوگی، جس کی شروعات 29 جولائی سے ہوگی۔

ساما نے بیان میں کہا کہ مذکورہ ادارے کے ہر ملازم کو قانون محنت کی دفعہ 112 کے مطابق تقریبات کے موقع پر مکمل محنتانے کے ساتھ چھٹی لینے کا حق ہے۔

ساما کا کہنا ہے کہ ترسیلات کے وہ ادارے جہاں لوگوں کی آمد و رفت زیادہ ہے وہ عید کی چھٹیوں میں بھی کام کریں گے۔

اتھارٹی کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ بینکوں اور ترسیلات زر کے مراکز میں مقررہ ایس او پیز پر عمل درآمد کیاجائے تاکہ کورونا کی وبا سے محفوظ رہا جاسکے۔

واضح رہے کہ سعودی مانیٹری اتھارٹی مملکت میں کام کرنے والے تمام بینکوں اور ترسیلات زر کے معاملات کا نگران ادارہ ہے جسے سعودی کابینہ نے بینکنگ کے امور کے جملہ اختیارات دیے ہیں۔

Comments are closed.