رکن سندھ اسمبلی عبدالرشید اور جماعت اسلامی کارکنان کیخلاف مقدمہ درج

0
45

کراچی :جماعت اسلامی کے قائدین کے خلاف مقدمے درج،اطلاعات کے مطابق پولیس اہلکاروں سے تلخ کلامی اور ہنگامہ آرائی کے الزام میں جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی عبدالرشید سمیت اور دیگر کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

کراچی کے علاقے لیاری میں جماعت اسلامی کے دھرنے کے دوران ہنگامہ آرائی اور پولیس اہلکاروں سے تلخ کلامی کا مقدمہ چاکیواڑہ تھانے میں درج کرلیا گیا۔

 

 

پولیس کی جانب سے درج مقدمے میں جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی عبدالرشید اور دیگر کو نامزد کیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ نامزد ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

اس سے قبل ایس ایس پی سٹی نے جماعت اسلامی کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالرشید پر پُرتشدد احتجاج کا الزام لگایا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایس ایس پی سٹی آفس کے سامنے دھرنا دينے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی۔

ایس ایس پی نے مزید کہا کہ رکن سندھ اسمبلی عبدالرشید چند روز سے پُرتشدد احتجاج کررہے ہیں جو ناقابل معافی ہے، ایم پی اے کے ہمراہ کارکنان سے اسلحہ بھی برآمد ہوا تھا۔

ترجمان سٹی پولیس نے الزام لگایا کہ رکن سندھ اسمبلی عبدالرشید لیاری میں خونریزی کروانا چاہتے تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی عبدالرشید کو کئی کارکنان سمیت حراست میں لیا گیا تھا۔

جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان بھی لیاری دھرنے میں پہنچ گئے۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہماری پُرامن جدوجہد کو پُرتشدد ميں تبديل کيا جارہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ جھوٹی ايف آئی آر کی مذمت کرتا ہوں، ہمارے پُرامن کارکنوں پر پوليس نے تشدد کيا، پوليس کسی پارٹی کی ترجمان نہ بنے، عبدالرشيد اور کارکنان کے خلاف مقدمہ واپس ليا جائے۔

Leave a reply