اسلام آباد:وزیر اعظم شہباز شریف سے وزیربراۓ ہاؤسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع کی سربراہی میں آل پاکستان مائنز اینڈ منرلز ایسوسی ایشن کے وفد نےملاقات کی ہے اورملاقات میں ملکی سطح پر اعلی کوالٹی کا کوئلہ، لوہا اور دیگر قیمتی معدنیات کی تلاش اور نکاسی کے نظام کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مختلف تجاویز زیر بحث آئیں۔
وزیر اعظم نے اس مقصد کے حصول کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی ہدایت کی، تاکہ بجلی کی پیداوار اور دیگر صنعتوں میں استعمال ہونے والے خام مال کا زیادہ سے زیادہ حصہ مقامی سطح پر پیدا کر کے ملک کا قیمتی زر مبادلہ بچایا جا سکے۔
وزیر اعظم نے اس سلسلے میں تھر اور لاکھڑا میں موجود کوئلے کے ساتھ ساتھ میانوالی اور چنیوٹ میں دریافت شدہ لوہے کے ذخائر سے بھرپور استفادہ کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعظم نے ملک میں مائننگ سیکٹر کی ترقی کے لیے عملی تجاویز مرتب کر کے جلد از جلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی، اور اس مقصد کے لیے وزارت خزانہ، وزارت توانائی، وزارت پٹرولیم، وزارت صنعت و پیداوار، فیڈرل بورڈ آف ریوینیو اور دیگر متعلقہ حکام کی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایات جاری کیں۔
علاوہ ازیں وزیر اعظم نے تمام وفاقی وزارتوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے مائننگ سیکٹر سمیت تمام شعبوں کے لیے اعلی تعلیم یافتہ ماہرین کی تلاش کے لیے وزیر مملکت براۓ پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک کی سربراہی میں ایک ذیلی کمیٹی بنانے کا بھی حکم دیا۔
ملاقات میں وزیر توانائی انجینئیرخرم دستگیر، وزیر اعظم کے مشیر احد چیمہ، وزیر مملکت براۓ پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک ، وزیر مملکت براۓ خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا ، چیرمین فیڈرل بورڈ آف ریوینیو عاصم احمد اور دیگراعلی سرکاری حکام نے شرکت کی،
ادھر اج اس سے پہلے وزیر اعظم شہباز شریف سے شیخ عبدالعزیزحماد الجومعہ کی سربراہی میں کے-الیکٹرک کے وفد نے ملاقات کی ہے اورکے الیکٹرک کودرپیش مسائل اورترجیحات پرسیرحاصل گفتگو کی ہے
ملاقات میں وزیر اعظم کو کے-الیکٹرک کے NEPRA سے متعلق دیرینہ حل طلب مسائل سے آگاہ کیا گیا، جن کے حل نہ ہونے کی وجہ سے نہ صرف کے-الیکٹریک اور حکومت پاکستان کا بھاری مالی نقصان ہو رہا ہے، بلکہ کراچی کے صارفین کو بجلی کی ارزاں نرخوں پر ترسیل بھی متاثر ہو رہی ہے۔
وزیر اعظم نے اس سنگین لاپرواہی اور کاہلی پر گہرے دکھ کا اظہار کیا، اور اگلے 3 ماہ میں ان مسائل کا تمام فریقین کے لیے قابل قبول حل تلاش کرنے کے لیے شاہد خاقان عباسی کی سربراہی میں متعلقہ حکام کی کمیٹی بنانے کی ہدایت کی۔
ملاقات میں رکن قومی اسمبلی شاہد خاقان عباسی، وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، وزیر اعظم کے مشیر احد چیمہ، وزیر مملکت براۓ پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک، وزیر مملکت براۓ خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی
ادھرکراچی والوں کے لئے بری خبر ہے کہ کے الیکٹرک نے بجلی 11 روپے 34 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست دیدی۔کے الیکٹرک کی جانب سے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کی درخواست دائر کی ،نیپرا فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے بارے میں 4جولائی کو درخواست کی سماعت کریگا۔
نیپرا درخواست کی سماعت کے بعد فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا حتمی فیصلہ کرے گا، اگر نیپرا کے الیکٹرک کی درخواست منظور کرلیتا ہے تو کراچی کے عوام کو 22ارب 65کروڑ روپےکا اضافی بوجھ برداشت کرنا پڑے گا۔








