مقبوضہ بیت المقدس:غزہ: اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی نوجوان جاں بحق، درجنوں زخمی ہوگئے ،اطلاعات کےمطابق اسرائیلی فوج کی غزہ میں سرحد باڑ کے قریب فائرنگ سے ایک فلسطینی نوجوان جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے فلسطینی نوجوانوں پر حملہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا جس کے بعد فوج نے ان کی لاش کو بلڈوزر کے ذریعے نکال دیا۔

غزہ سے جاری ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ غیر مسلح نوجوان کی لاش کو ایک بلڈوزر کے ذریعے اٹھایا جارہا ہے جبکہ فائرنگ کی آوازیں بھی آرہی ہیں اور ساتھ ہی ٹینک بھی کھڑی ہے۔

خیال رہے کہ اسرائیلی وزیر دفاع نیفتالی بینیٹ کی جانب سے اپنائی گئی خطرناک پالیسی کے تحت فلسطینی نوجوانوں کی لاشوں کو حماس پر دباؤ بڑھانے کے لیے استعمال کرتے ہوئے غزہ حکام سے مطالبات کیے جاتے ہیں۔غزہ میں موجود تنظیم کے مطابق جاں بحق نوجوان کی شناخت محمد النعیم کے نام سے ہوئی ہے جو القدس بریگیڈ کا رکن ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ نوجوان سرحدی باڑ پر بارودی مواد نصب کررہے تھے جس پر انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔خیال رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں فلسطین اور اسرائیل کے درمیان تازہ جھڑپوں اور حملوں میں کم از کم 3 فلسطینی جاں بحق اور متعدد اسرائیلی فوجی زخمی ہو گئے تھے۔

Shares: