فیصل آباد۔ (اے پی پی) واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی فیصل آباد نے واسا کے عادی نادہندگان کے کنکشن مستقل طور پر منقطع کرنے کا اعلان کر دیا ہے اور کہا ہے کہ جن نادہندگان نے ابھی تک اپنے ذمہ واجب الادا بل جمع نہیں کروائے وہ فوری طور پر اپنے بقایا جات ادا کردیں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور بعد ازاں کوئی عذر قابل قبول نہ ہو گا۔واسا کے ترجمان نے بتایا کہ محکمہ کا ریونیو کا شارٹ فال کم سے کم کرنے کی کوششوں کو نتیجہ خیز بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے ریکوری کی صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ متعلقہ حکام کی جانب سے ذمہ دار سٹاف کو سختی سے ہدائت کی گئی ہے کہ وہ اپنی کارکردگی بڑھانے اور محکمانہ واجبات کی سنجیدگی سے بھر پور وصولی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ تعمیراتی و ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کیلئے اقدامات کئے جا سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ واسا کے صرف 45سے 50فیصد صارف بل ادا کرتے ہیں جو کہ افسوسناک صورتحال ہے نیز گزشتہ ایام کے دوران سینکڑوں غیر قانونی کنکشنز کا سراغ بھی لگایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک ماہ میں سینکڑوں غیر قانونی کنکشنز کو بلنگ دائرے میں شامل کیا گیا ہے۔انہوں نے ایسے تمام افراد جنہوں نے غیر قانونی طور پر واسا کے کنکشن حاصل کر رکھے ہیں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے کنکشن فوری ریگولر کروا لیں ورنہ سخت قانونی کاروائی کے لئے تیار رہیں۔

Shares: