پاکستان کے سرکاری ٹی وی پی ٹی وی کے ڈرامہ سیریل دھوپ کنارے کی کامیاب عربی ڈبنگ کے بعد اب دو اور پاکستانی ڈرامے ’تنہائیاں‘ اور ’آہٹ‘ کو بھی عربی ڈبنگ کے ساتھ سعودی عرب میں نشر کیا جائے گا۔
باغی ٹی وی : میڈیا رپورٹس کے مطابق سال 2019 میں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعلقات مضبوط کرنے کے لیے پاکستانی ڈرامے پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کا ماضی کا مقبول ترین ڈرامہ ’دھوپ کنارے‘ عربی زبان میں ڈب کرکے سعودی عرب میں نشر کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق گذشتہ سال 2019 میں وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے سعودی دارالحکومت کے دورے کے بعد سے کچھ خبریں زیر گردش تھیں کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعلقات مضبوط کرنے کے لیے پاکستانی ڈرامے عربی زبان میں ڈب کرکے سعودیہ عرب میں نشر کئے جائیں گے اور یہ فواد چوہدری کے دورے کے بعد اسلام آباد اور ریاض کے درمیان شروع کردہ ’کلچرل ایکسچینج پروگرام‘ کا ایک حصہ تھا۔
اس منصوبے کے تحت پاکستان کے تین مقبول ترین ڈراموں کی لسٹ ترتیب دی گئی تھی جن میں دھوپ کنارے، تنہائیاں اور آہٹ شامل تھے لیکن سرکاری ٹی وی چینل کے پاس کم بجٹ ہونے کی وجہ سے دو ڈراموں ’تنہائیاں اور آہٹ ‘ کی عربی ڈبنگ تاخیر کا شکار ہوگئی تاہم اس منصوبے کی نگراں ڈاکٹر لبنی فرح نے بتایا تھا کہ ڈرامہ’دھوپ کنارے‘ کی عربی زبان میں ڈبنگ مکمل ہوگئی ہے اور اب یہ ڈرامہ سعودی عرب میں نشر ہونے کے لیے تیار ہے-
وزیر اطلاعات شبلی فراز نے مزید تفصیلات سے انکار کرتے ہوئے عرب نیوز کو بتایا تھا کہ ، "اس منصوبے پر کام دوبارہ شروع ہوچکا ہے اور جلد ہی (تیار شدہ مصنوعات) کو سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کو اپنے ٹیلی ویژن چینلز کو (نشر کرنے) دیا جائے گا-
تاہم ، پی ٹی وی کے کنٹرولر بین الاقوامی امور ، محمد ادریس نے کہا تھا کہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ ان دونوں ڈراموں پر جب زیر التواء کام دوبارہ شروع ہوگا ، انہوں نے مزید کہا: "یہ مکمل طور پر ایک وزارت (انفارمیشن)کی حیثیت رکھتی ہے کہ وہ یہ ڈرامے کب اور کہاں بھیجتے ہیں-
پی ٹی وی کی سابقہ بین الاقوامی امور کی سابقہ ڈائریکٹر شازیہ سکندر نے کہا تھا کہ یہ منصوبہ تین سال پہلے شروع کیا گیا تھا۔ باقی دو (تنہائیاں اور آہٹ) باقی فنڈز کی عدم فراہمی کی وجہ سے مکمل نہیں ہوسکے۔
دوسری جانب وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بھی مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے اس بات کا اعلان کیا تھا کہ ڈرامہ ’دھوپ کنارے‘ عربی زبان میں ڈب کرکے سعودیہ عرب میں نشر ہونے کے لیے تیار ہے۔
لہذا اب دھوپ کنارے کے بعد تنہائیاں اور آہٹ بھی سعودی عرب میں عربی ڈبنگ کے ساتھ نشر کیا جائے گا-
اس سلسلے میں ایک انٹر ویو میں اس پروجیکٹ کی نگران ڈاکٹر لبنی فرح نے بتایا کہ سرکاری ٹی وی (پی ٹی وی) نے ان کے 25 سالہ عربی ترجمے کے تجربے کو دیکھتے ہوئے ان ڈراموں کو عربی میں ترجمہ کرنے کا کہا۔
انہوں نے ڈبنگز کے دوران ہونے والے مسائل اور تجربے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں عربی بولنے والے افراد کی تعداد بہت کم ہے اس لیے سب سے مشکل حصہ موزوں ڈبنگ آرٹسٹس کی تلاش تھی۔
انہوں نے بتایا کہ ڈرامے میں 35 اداکار شامل تھے جن میں تین بچے بھی تھے اور ان تمام اداکاروں کے لیے آرٹسٹس تلاش کرنے میں طویل وقت لگا۔
ڈاکٹر فرح نے کہا کہ ڈراموں کی ڈبنگ عام فہم عربی میں کی گئی ہے، ڈرامے میں فضیلت بی بی کے کردار کے لیے کوئی موزوں ڈبنگ آرٹسٹ نہ ملنے پر میں نے مجبوری میں یہ ڈبنگ خود اپنی آواز میں کی ہے۔
انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ’محمد بن سلمان کے وفد کے لیے مترجم کی خدمات سرانجام دینا میرے لیے اعزاز کی بات تھی۔
لبنی فرح نے بتایا کہ محمد بن سلمان نے میرے ترجمے کی تعریف کی اور سعودی کابینہ کے ایک رکن نے مجھ سے پوچھا کہ آپ سچ میں عرب نہیں پاکستانی ہیں، کیونکہ میں نے ملاقات کے دوران سعودی لہجے میں عربی میں بات چیت کی تھی۔
واضح رہے کہ یہ پروجیکٹ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے عہد کو جدید بنانے اور اپنے لوگوں کے لئے تفریح کے نئے مواقع پیدا کرنے کے وژن کا نتیجہ ہے۔