بھول بھلئیاں ٹواور کئی سپر ہٹ فلموں کے ڈائریکٹر انیس بزمی کہتے ہیں کہ میں عام لوگوں میں رہتا ہوں ،رکشہ میں گھومتا ہوں ،دل میں کچھ نہیں رکھتا کسی سے کتنی بھی ناراضگی ہو دوسرے تیسرے دن وہ ناراضگی ختم کر دیتا ہوں۔انہوں نے حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ میرے ساتھ جنہوں نے اچھا کیا ہے ان کو بھی اچھا سمجھتا ہوں جنہوں نے نہیں کیا ان کے بارے میں سوچتا ہوں کہ ان کی کوئی مجبوری رہی ہوگی ۔میرا ماننا ہے کہ جب ہم عام لوگوں سے دور ہوتے ہیں تو ہماری سوچ بھی بدل جاتی ہے جن لوگوں نے ایسا کیا انکو نقصان بھی ہوا ۔میں جب فلم بناتا ہوں تو دیکھتا ہوں کہ عام آدمی کیا دیکھنا چاہتا ہے اب اگر میرا ڈرائیور جس کو میں تنخواہ دیتا ہوں وہ میری بنائی فلم نہ دیکھے اور دوسروں کی بنائی فلمیں دیکھے تو اس کا مطلب یہی ہوا کہ میں ان لوگوں کے مزاج اور ان کے رہن سہن ان کی سوچ کی نمائندگی کرنے والی فلمیں
نہیں بناتا ۔انیس بزمی نے مزید یہ بھی کہا کہ جو لوگ عام لوگوں سے دور ہوئے اپنی سوچ کا سٹینڈرڈ اونچا کیا تو ان کی فلموں میں بھی اس بات کی جھلک دکھائی دی لوگوں نے نہیں دیکھیں ان کی فلمیں جب ان کے ساتھ مسلسل ایسا ہوا تو ان کو سمجھ آئی کہ وہ کہاں غلطی کررہے ہیں ۔انیس بزمی جنہوں نے نانا پاٹیکر کے ساتھ تین فلمیں بنائیں ہیں ان کا ان کے بارے میں کہنا ہے کہ نانا بہترین اداکار ہونے کے ساتھ بہترین انسان بھی ہیں ۔وہ بہت اچھے سے چلتے ہیں لیکن جب ان کو کوئی دھوکہ دے تو یہ چیز ان سے برداشت نہیں ہوتی ۔

Shares: